پرامن علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ حافظ عبدالحمید عامر
مولانا عبدالحمید رحمتی کے قاتلوں کے خلاف جہلم بھر کی مساجد میں مذمتی قرار داد پیش
جہلم(محمد زاہد خورشید) پرامن علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے مورخہ 21جنوری خطبہ جمعہ کے اجتماع سے مولانا عبدالحمید رحمتی کے قاتلوں کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کرتے ہوئے کیا، مزید انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالحمید رحمتی حدیث سے متعلقہ ایک اہم ترین فن اسماء الرجال کے ماہر ترین عالم تھے۔ اس فن کے ماہر علماء ہمارے ملک میں اس قدر قلیل ہیں کہ انہیں انگلیوں پر شمار کیا جا سکتا ہے۔ ایسے قیمتی اہل علم مسلم معاشرے کے لیے رب تعالیٰ کی نعمت عظمی ہوتے ہیں۔ پاکستان میں بالعموم اور صوبہ خیبر پختون خواہ میں بالخصوص طلبائے دین کی ایک کثیر تعداد نے ان کسب فیض کیا۔مولانا عبدالحمید رحمتی ایک علمی گھرانے کے چشم چراغ تھے۔ وہ شیخ عرب و عجم مولانا غلام اللہ رحمتی مرحوم کی مسند کے حقیقی وارث اور ان کے جانشین تھے۔ مزید انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ان کے بہیمانہ قتل پر عقیدت مندوں میں غم و غصہ کی شدید لہر دوڑ چکی ہے۔ ایسے حالات میں ملک کے ماحول کو پرامن رکھنے کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے مولانا عبدالحمید رحمتی شہید کے قاتلوں کی گرفتار کا معاملہ نہایت سنجیدگی سے لے اور انہیں فی الفور کٹہرے میں کھڑا کرکے قرار واقعی سزا دے۔ ان کے علاوہ نائب مدیر الجامعہ حافظ عبدالغفور جہلمی،مدیر اُمور داخلی مولانا سعد محمد مدنی، مدالتعلیم مولانا عکاشہ مدنی، شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ اثری اور جہلم بھرکی کئی ایک مساجد میں مولانا رحمتی شہید کے قاتلوں کے خلاف بھرپور انداز میں مذمتی قرار داد پیش کی گئیں۔نماز جمعہ کے بعد مرکزی جامع مسجد اہل حدیث چوک اہل حدیث میں حافظ عبدالحمید عامر نے مولانا عبدالحمید رحمتی کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جس میں شہر بھر سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
