پاکستان کی پچھتر سالہ تاریخ میں اُردو لغت (تاریخی اصول پر) کی بائیس جلدوں میں تکمیل ایک اہم سنگ میل ہے۔ ڈاکٹر رؤف پاریکھ
اُردو لغت بورڈ کو فعال رکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بھی ادارے کے زیر اہتمام علمی و تحقیقی نشستوں کا اہتمام کیا جاتا رہے گا۔ ڈاکٹر راشد حمید
کراچی (بیورو چیف: جاوید صدیقی) اُردو لغت بورڈ، کراچی میں گزشتہ روز پاکستان میں اُردو لغت نویسی کے پچھتر سال کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار ادارۂ فروغ قومی زبان کے تحت ١٢؍ اگست ۲۰۲۲ء سے جاری ھے جو پاکستان کے جشن الماسی کے سلسلے میں تقریبات کا تسلسل بھی ہے۔ سیمینار میں ڈاکٹر عائشہ ناز نے اُردو لغت نویسی، چند زاویے اور جناب نیاز حسین سواتی نے پاکستان میں اُردو لغت نویسی کے پچھتر سال، ماضی، حال اور مستقبل کے عنوان سے مقالہ پیش کیا۔ تقریب کی صدارت ادارۂ فروغ قومی زبان کے سابقہ ڈائریکٹر جنرل اور اُردو لغت نویسی کے میدان کی نامور شخصیت ڈاکٹر رؤف پاریکھ صاحب نے کی جبکہ ڈاکٹر رؤف پاریکھ صاحب نے اپنے خطبہ صدارت میں لغت نویسی کی تاریخ کیساتھ ساتھ عصری تقاضوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے اپنی گفتگو میں اُردو لغت (تاریخی اصول پر) کی بائیس جلدوں میں تکمیل کو پاکستان کی پچھتر سالہ تاریخ میں اُردو لغت نویسی کا اہم سنگ میل قرار دیا اور لغت پر نظرثانی کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنی گفتگو کے اختتام پر یک جلدی اُردو لغت کی تیاری کیلئے جامعہ کراچی کے منتخب طلبہ اور ادارے کے سابقہ ملازمین کیساتھ ساتھ اپنی خدمات اعزازی طور پر پیش کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ تقریب میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صدر شعبۂ اُردو (وفاقی جامعہ اُردو) ڈاکٹر یاسمین سلطانہ صاحبہ نے اُردو لغت (تاریخی اصول پر) میں شامل پاکستانی زبانوں کے الفاظ کی جداگانہ لغت مرتب کرنے کی تجویز پیش کی اور ادارے سے ماضی میں وابستہ نامور اہل علم کی لغت نویسی کے باب میں خدمات کا تذکرہ کیا۔ تقریب کی مہمانانِ اعزاز میں شامل ڈاکٹر تنظیم الفردوس صاحبہ نے اُردو لغت بورڈ سے اپنے دیرینہ تعلق کا تذکرہ کیا اور اُردو لغت (تاریخ اصول پر) طلبہ کے استفادے کیلئے ایک یوزر مینول کی تیاری کی تجویز پیش کی جو اولاً جامعاتی سطح پر اور بعد ازاں مزید آسان شکل میں اسکولوں کے طلبہ کیلئے بھی فراہم کیا جاسکے۔ صدر شعبۂ اُردو، جامعہ کراچی ڈاکٹر عظمیٰ فرمان صاحبہ نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سابقہ مقررین کی تجاویز پر اظہار تشکر کیا اور اُردو لغت سے استفادے کے طریقۂ کار کے عنوان سے ورک شاپ کے انعقاد کا عندیہ بھی دیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل ادارۂ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید صاحب کے پیغام میں مہمانانِ گرامی اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل صاحب اسلام آباد میں دیگر اہم سرکاری مصروفیات کی بناء پر بنفسِ نفیس تقریب میں شرکت نہیں کرسکے البتہ انھوں نے اپنے پیغام میں اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ اُردو لغت بورڈ کو فعال رکھنے کیساتھ ساتھ مستقبل میں بھی ادارے کے زیر اہتمام علمی و تحقیقی نشستوں کا اہتمام کیا جاتا رہے گا۔ سیمینار میں شعبۂ اُردو جامعہ کراچی اور شعبۂ اُردو وفاقی جامعہ اُردو کے اساتذہ اور ایم فل/پی ایچ ڈی کے اسکالرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کیساتھ ساتھ شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے نامور اہل علم و قلم ، صحافی حضرات اور اُردو لغت بورڈ کے سابقہ ملازمین بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
