پاکستان ملک و قوم کو گھمبیر معاشی مسائل کا سامنا:معین قریشی
عوام کو مسائل و پریشانیوں سے چھٹکارے کیلئے خود کشیاں کرنی پڑ رہی ہیں:گفتگو
مستقبل پاکستان عوامی جماعت، مشکل کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے:خطاب
عالمی دنیا کے تیزی سے بدلتے حالات امت مسلمہ سے متحد ہونے کا تقاضا کررہے ہیں:جنرل سیکرٹری
پارٹی عہدیدارن و کارکنان عوامی رابطہ مہم کو مزید مستحکم اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لائیں
تقریب کے آخر میں اسماعیل ہنیہ کی مغفرت،مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور ملکی ترقی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی
مرکزی جنرل سیکرٹری مستقبل پاکستان معین قریشی نے دورہ ملتان کے دوران مرکزی پارٹی آفس میں سینئر پارٹی عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملک و قوم کو گھمبیر معاشی مسائل کا سامنا ہے،عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری سے چھٹکارہ پانے کیلئے خودکشیاں کرنے پڑ رہی ہیں،اس سے بڑھ کر خراب حالات اور کیا ہوسکتے ہیں کہ ملک کا ہر ایک طبقہ پریشانی میں مبتلا ہے سوائے حکمرانوں یا پھر ان کے حواریوں کے جو تمام تر مشکلات اور پریشانیوں کے باوجود سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں،مستقبل پاکستان چیئر مین انجینئر ندیم ممتاز قریشی کی زیر قیادت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کررہی ہے ہم مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائیں گے کیونکہ ہمارا مقصد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے قومی خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی و موروثی سیاستدانوں نے اپنی بھری ہوئی تجوریوں کو مزید بھرنے اور نسلوں کا مستقبل سنوارنے کیلئے ہمیں اور ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل داو پر لگا دیا ان سے چھٹکارہ کے لئے ضروری ہے کہ اہل و نیک نیت افراد کو سیاست کے میدان میں سپورٹ کیا جائے تاکہ حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر وسائل کے باوجود جنوبی پنجاب کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے اس خطہ کے عوام کو اپنوں کے روپ میں چھپے دشمنوں کو پہچاننا ہوگا جو جھوٹے دعوؤں اور وعدوں کی بنیاد پر ان کے ووٹوں سے کامیاب ہوجاتے ہیں مگر کامیابی کے بعد اپنے عوام کو بھول جاتے ہیں یہی لوگ خطے کی محرومی و پسماندگی میں اضافے کے اصل ذمہ دار ہیں ان کا احتساب کا وقت آن پہنچا ہے۔ معین قریشی نے کہا کہ عالمی دنیا کے حالات تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں ان بدلتے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلمہ امہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا اگر مسلمان اسی طرح مختلف ٹکڑوں میں بٹے رہے تو کوئی بھی محفوظ نہیں رہ پائے گا بلکہ ایک بعد دوسرا اسلام دشمن قوتوں کے ظلم و ستم کا نشانہ بنتا رہے گا۔مرکزی جنرل سیکرٹری نے سینئر پارٹی عہدیداران و کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رابطہ مہم میں مزید تیزی لاتے ہوئے اسے مستحکم اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کی جائیں کیونکہ ہم جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر کی تمام یونین کونسلوں سے نمائندگان کھڑے کریں گے ہماری پہلی ترجیح اپنے عہدیداران و کارکنان ہوں گے کیونکہ آپ لوگ ہی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ تقریب کے آخر میں حماس سیاسی ونگ کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی مغفرت،فلسطین و مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزاد اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔اس موقع پرسرائیکی رہنما ظہور دھریجہ، سابق صدر ہائی کورٹ ملتان لطیف کھوکھر، نائب صدر سید راشد حسین بخاری،صدر جنوبی پنجاب ایڈووکیٹ شاہد رانا امیر، ضلعی صدر حاجی یوسف انصاری، چیف آرگنائزر رانا رفیع الدین، ہیلتھ ونگ انچارج ڈاکٹر منظور احمد سمیت پارٹی عہدیداران و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔
