پاکستان اشرافیہ کا ملک،غریبوں کو زندہ درگور کیا جارہا ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
ملک کے 95فیصد عوام کے بنیادی حقوق سلب کرکے 5فیصد کو نوازا جارہا ہے:چیئرمین
مستقبل پاکستان شروع دن سے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی مخالفت کرتی آرہی ہے:گفتگو
حکومت کے تلخ فیصلوں سے بھی عام آدمی متاثر ہوگا مقتدر طبقوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا:اظہار خیال
ملک میں برائیوں کا سب سے بڑا سبب اشرافیہ کو اس بات کا یقین ہے کہ وہ کسی کے سامنے جواب دہ نہیں ہیں
چیئر مین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پاکستان کا اشرافیہ ملک،غریبوں کو زندہ درگور ہونے پر مجبور کیا جارہا ہے،ملک میں 95 فیصد عوام کے بنیادی حقوق سلب کرکے 5 فیصد کو آسا نیاں فراہم کی جارہی ہیں،حکومت کے تلخ فیصلوں سے بھی عام آدمی متاثر ہوگا اس سے مقتدر طبقوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،مستقبل پاکستان شروع دن سے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی مخالفت کرتی آرہی ہے،پاکستان جب سے اس کے شکنجے میں پھنسا ہے نہ تو ملکی معیشت سنبھل پائی ہے اور نہ ہی عوام کو درپیش مسائل حل ہوئے ہیں ایسے میں حکومت کا دوبارہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈز کے پاس جانے کا خدشہ اس بات کو ظاہر کررہا ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کلہاڑی چلانے کیلئے تیار ہیں کیونکہ اس کے بغیر کوئی اور چارہ نہیں ہے اگر یہ لوگ اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی لاتے ہوئے آگے بڑھے تو سب کچھ بہتر ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار میڈیا نمائند گان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اس حوالے سے عوامی ریلیف کے حکومتی دعوے مٹی کا ڈھیر ثابت ہورہے ہیں اس کی بنیادی وجہ حکمران طبقہ کے قول و فعل میں تضاد ہے اگر یہ لوگ خلوص نیت اور جذبہ حب الوطنی سے آگے بڑھتے تو اس قدر قوم کا جینا دوبھر نہ ہوتا۔انجینئرندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ملک میں برائیوں کا سب سے بڑا سبب یہی ہے جب ملک کی اشرافیہ کو اس بات کا یقین ہوکہ وہ کسی کے سامنے جواب دہ نہیں ہیں وہ جو چاہیں کریں اُن سے کوئی پوچھنے والا بھی نہیں اور ان کی یہی سوچ ملکی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔
