پاکستانیوں کیلئے خوشخبری, پرتگال نے ورک ویزے جاری کرنیکا اعلان کر دیا۔
پرتگال کی لیبر مارکیٹ میں افرادی قوت کی نمایاں کمی کو پورا کرنے کیلئے فوری طور پر سالانہ 50 ہزار سے ایک لاکھ بین الاقوامی ورکرز کی ضرورت ہے۔
پرتگال(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پرتگال نے ویزا کے عمل کو ہموار بنانے اور غیرملکی تارکین وطن کو ایک ماہ کے اندر ورک ویزے جاری کرنیکا اعلان کیا ہے۔پرتگال کی حکومت کی جانب سے یہ اعلان ویزا پروسیسنگ میں تاخیر، خصوصاً برازیلین درخواست دہندگان کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے بعد کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویزا کے انتظار کے وقت میں مزید اضافہ ہوا ہے، بعض درخواست دہندگان کو اس حوالے سے چھ ماہ تک کی تاخیر کا سامنا ہے۔ جون 2022 میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ پروگرام کے خاتمے کے بعد سے اس طرح کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ قبل ازیں،اس پروگرام کے تحت سیاحوں کو ملک میں داخل ہونے کے بعد کام کی اجازت کے لیے درخواست دینے کی اجازت تھی۔پرتگال کی لیبر مارکیٹ میں افرادی قوت کی نمایاں کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری طور پر سالانہ 50 ہزار سے ایک لاکھ بین الاقوامی ورکرز کی ضرورت ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، صرف تعمیرات جیسے شعبوں میں اسی ہزار کارکنوں کی ضرورت ہے۔ آجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ورکرز کی مطلوبہ تعداد کو پورا نہ کیا گیا تو اس کے باعث اقتصادی ترقی میں رکاوٹ قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں ناکامی ہوسکتی ہے۔
