BBC Urdu TV

وہ دن دور نہیں جب بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔بلاول بھٹو

وہ دن دور نہیں جب بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

کراچی(نمائندہ عینی شاہ)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب شہید بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔ شہید بینظیر بھٹو کی 17ویں یوم شہادت کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بی بی شہید کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان کی زندگی جراَت، استقامت اور پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی، بینظیر بھٹو صرف سیاسی شخصیت نہیں بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرح، شہید بینظیر بھٹو بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں، انکی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطہ نظر کو سمجھنےکی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی، شہید بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے انسانی آزادی اورجمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں، ہم دہشتگردی، انتہا پسندی اور ملکی استحکام کوخطرے میں ڈالنے والی کسی بھی قوت کےخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم کی عالمی اشوز پر مہارت مشعلِ راہ ہے، فلسطین اور کشمیر سمیت تصفیہ طلب عالمی معاملات پربی بی شہید کے وژن سے رہنمائی لیتے رہیں گے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے قوم متحد ہو جائے، بی بی شہید کی زندگی استقامت اور اپنی ذات بھلا کر عظیم مقصد کے لیے خودکو وقف کرنے کا سبق دیتی ہے، بی بی شہید کا خواب ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان اور قوم سے بی بی شہید کے جمہوریت، رواداری، سماجی انصاف کے اصولوں سے و ابستگی کی تجدید کی اپیل ہے، بینظیر بھٹو کی زندگی اور قربانی منصفانہ اور مساوی معاشرے کے لیے ان کی جدوجہد کا لازوال ثبوت ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ بیظیر بھٹو کے اس خواب کو حقیقت بنائیں، وہ دن دور نہیں جب بی بی شہید کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔

Exit mobile version