وفاقی حکومت کا 5 ہزار روپے رمضان ریلیف پیکیج اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر:سید راشد حسین بخاری
حکومت 39 لاکھ خاندانوں کو نقد رقم دینے کی بجائے مہنگائی پر قابو پائے،24 کروڑ پاکستانیوں کا فائدہ ہوگا:گفتگو
سستے رمضان بازار صرف نچلے طبقے کیلئے ہی نہیں بلکہ متوسط طبقے کے لیے بھی سہولت کا باعث بنتے ہیں:نائب صدر
ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ پابند سلاسل اور کڑی سزائیں دی جائیں:اظہار خیال
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری کی وفاقی حکومت کے رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے خصوصی گفتگو
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ وفاقی حکومت کا 5 ہزار روپے رمضان ریلیف پیکیج اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے،حکومت 39 لاکھ مستحق خاندانوں کو نقد رقم دینے کی بجائے روز بروز کی بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پائے اس سے 24 کروڑ پاکستانیوں کا فائدہ ہوگا،رمضان بازار صرف نچلے طبقے کے لیے ہی نہیں بلکہ متوسط طبقے کے لیے بھی سہولت کا باعث بنتے ہیں کہ وہاں بنیادی اشیائے خوردونوش سستے داموں دستیاب ہوتی ہیں،ہر سال ماہ صیام میں منافع خوری میں اضافہ ایک معمول بنتا جارہا ہے ابھی رمضان کے آغاز میں ایک ہفتے سے زائد دن باقی ہیں تاہم حکومت کو چاہیے کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف حقیقی کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے انہیں نا صرف بھاری جرمانے عائد بلکہ پابند سلاسل بھی کیا جائے تاکہ وہ عوام کے معاشی استحصال سے باز رہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی حکومت کے رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی مسلسل بڑھتی ہوئی شرح کی وجہ سے جہاں عوام کا معیار زندگی گرتا جارہا ہے وہاں اُن کی قوت خرید بھی دم توڑتی جارہی ہے۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ حکومت ہوا میں تیر چلاتے ہوئے سب اچھا ہے کا راگ الاپنے کی بجائے قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھے۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
21-02-2025
