BBC Urdu TV

وفاقی حکومت کا پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کیلئے کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کیلئے کیس فائل کرے گی، تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے گی، پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے جبکہ ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

عطا تارڑ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا، سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی کو بن مانگے ریلیف دیا، حکومتی اور اتحادی پارٹیوں نے فیصلے کے خلاف ریونیو دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مخصوص ذہنیت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، ہماری اعلیٰ قیادت اور خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا، ہمارے تحمل اور برداشت کو کمزوری سمجھاگیا، اس کا بھرپور جواب دوں گا، بس بہت ہوگیا،اب مزید نہیں، پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

خبر کی مزید تفصیل شامل کی جا رہی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Exit mobile version