وزیراعلیٰ کا کراچی کے دو زونز کے امن و امان کا جائزہ ، آئی جی کے اقدامات کو سراہا
کراچی : (رپورٹ؛عاصم ارائیں جہلمی)
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے امن و امان کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کی کارکردگی سمیت کراچی میں پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پھر بھی پولیس کو عوام کے اعتماد کو بحال کرنا ہوگا۔ اسٹریٹ کرائم ایک بڑا چیلنج ہے جس کیلئے کراچی پولیس کو پیش قدمی سے کام کرنا ہوگا تاکہ شہر میں جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند، ڈی آئی جی عاصم قائم خانی اور ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی غربی و شرقی زونز عاصم قائم خانی اور اظفر مہیسر نے اپنے علاقوں میں جرائم کی صورتحال اور پولیس کے نظام کی بہتری سے متعلق پریزنٹیشن دی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ دونوں زونز کے مسائل میں زمینوں پر قبضے، سمگلنگ، پانی و بجلی چوری اور اس کے علاوہ اسٹریٹ کرائم شامل ہیں۔ ضلع غربی: ڈی آئی جی غربی عاصم قائم خانی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غربی زون سینٹرل ضلع پر مشتمل ہےجس میں ٹوٹل 31 تھانے ہیں۔ ضلع غربی میں قبضہ مافیا، پانی و بجلی چوری اور اسمگلنگ کے بڑے مسائل ہیں، ستمبر 2023 سے دسمبر 2023 تک 602 کیسز درج ہوئے جس میں 181 پر حل ہوچکے ۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ ضلع سینٹرل میں اسٹریٹ کرائم میں 4853 اور ضلع غربی میں 2024 کیسز ہوئے، ضلع غربی میں 1731 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار ہوئے جس میں 1413 جیل میں اور 327 ضمانت پر ہیں جبکہ 164 اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف چارجز فریم ہوئے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گٹکے اور ماوا کیسز میں 1969 گرفتار ہوئے اور 1026 جیل میں ہیں، 864 گٹکہ/ ماوا کیسز میں ضمانتیں ہوئی اور 130 پر چارجز فریم ہوئے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلع غربی میں 22 اور ضلع سینٹرل میں 23 معائنے کئے گئے جس پر انھوں نے غربی زون میں پولیس اسٹیشن کی معائنے اور چارٹس لگانے کو سراہا۔ ضلع شرقی: شرقی زون کے ڈی آئی جی اظفر مہیسر نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ شرقی زون میں شرقی، کورنگی اور ملیر اضلاع شامل ہیں جہاں 44 پولیس تھانے ہیں، 19 سب ڈویژن اور تین ضلعی ہیں۔شرقی زون کے مسائل میں سے قبضہ مافیا، اسمگلنگ ، تیل کی چوری، پانی کی چوری شامل ہیں جبکہ بجلی کی چوری اور سڑکیں بلاک ہونا ایسٹ زون کے بڑے مسائل ہیں۔ ڈی آئی جی بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کے 8 ستمبر 2023 سے 20 دسمبر 2023 تک 785 کیسز ہوئے جس میں 261 حل اور 524 پر کام چل رہا ہے، شرقی زون میں چھینے گئے 601 موبائل فون اور 365 دو پہہ گاڑیاں اور 29 فور وہیلر برآمد ہوئیں، 1974 مفرور پکڑے گئے اور 358 اشتہاری گرفتار کئے گئے، ایسٹ زون میں 42 گٹکہ فیکٹری بسٹ کن اور 88 گرفتار کئے گئے۔ ایسٹ زون کی سات پولیس تھانے کے ڈی اے کی زمین، 10 کے ایم سی اور 17 روینیو،تعلیم اور دیگر اداروں کی زمین پر واقع ہیں۔اجلاس میں آئی جی سندھ رفعت مختار نے ضلع غربی سے متعلق بتایا کہ ضلع غربی کی پولیس موبائلوں کا فیول بند نہیں ہوا اورتھانوں کے اسٹرکچر کو بہتر کیا گیا ہے جبکہ پولیس تھانوں کا تمام رکارڈ/رجسٹر صحیح طریقے سے رکھا جارہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پکڑی جانے والی موٹرسائیکلیں و گاڑیوں کو ٹیگ لگایا جارہا ہے اورکیس پراپرٹی کے یارڈز کو بہتر کر رہے ہیں جبکہ غربی پولیس کا پانچ ایکڑ یارڈ ہے جہاں کیس پراپرٹی کی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں رکھ رہے ہیں۔ آئی جی نے بتایا کہ غربی زون میں 16 پولیس تھانے کے ایم سی، 11 کے ڈی اے، ایک ریلوے اور ایک کسی اور ادارے کی زمین پر ہیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ویسٹ زون میں 31 وائرلیس سیٹ لگائے گئے جس پر 67 وائرلیس آپریٹر کام کررہے ہیں ۔ آئی جی نے بتایا کہ لیڈی پولیس کانسٹبیل کو بہتر انداز میں تعینات کیا گیا ہے۔ آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ کراچی میں پولیس کے معائنہ کا موثر نظام متعارف کرایا گیا ہے جبکہ تمام تھانوں کو بجٹ جاری کر دیا گیا ہے اور انکی تمام موبائل وین کو پٹرول، مرمتی کام اور دیکھ بھال کے اخراجات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام موبائل وینز میں نہ صرف وائرلیس سسٹم نصب کیا گیا ہے بلکہ تھانوں کے وائرلیس رومز سے چلنے والے وائرلیس سسٹم کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ ضلع شرقی میں پولیس یارڈز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں کیس پراپرٹیز جیسے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کیس نمبر کے ٹیگ کے ساتھ کھڑی کی جائیں گی۔ تھانوں کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ انکو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ آئی جی نے سرکاری عمارتوں یعنی ریونیو، کے ڈی اے، کے ایم سی اور دیگر کی اراضی پر قائم مختلف تھانوں کا معاملہ اٹھایا۔ اس پر وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو یہ اراضی محکمہ پولیس کو منتقل کرنے کی ہدایت کی جہاں انکے تھانے قائم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے غربی و شرقی زون کی پولیس کی بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس بہتری کو دیکھنے کیلئے دوبارہ تھانوں کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اجلاس نامکمل ہے ،باقی زونز کی کارروائی و جائزہ کیلئے آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس بلایا جائے گا۔
