نیتن یا ہو کے بیانات اور رویہ دونوں غیرذمہ دارانہ ہیں۔قطر
اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی میں رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر اپنی اصلیت واضح کر رہے ہیں۔ماجد الانصاری ترجمان قطری وزارت خارجہ
دوحہ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق قطرکی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے منسوب مبینہ طور پر ٹیپ پر ریکارڈ شدہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو کے بیانات اور رویہ دونوں غیرذمہ دارانہ ہیں۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت بالخصوص وزیراعظم بنجمن نیتن یا ہو غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے ذمہ دار ہیں۔ وہ جنگ بندی میں رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ بیان دے کراپنی اصلیت واضح کررہے ہیں۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ ان کے ملک کو اسرائیلی وزیر اعظم سے منسوب مبینہ ریمارکس سے تشویش ہے۔بیان میں کہا گیا کہ قطر اب بھی مذاکرات میں شامل ہے جس کا مقصد یرغمالیوں کی رہائی کا نیا معاہدہ طے کرنا ہے۔ماجد الانصاری نے کہا کہ نیتن یاہو کے ریمارکس ان کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اگر یہ تبصرے درست ثابت ہوئے تو اسرائیلی وزیر اعظم ثالثی کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کریں گے اور اسے نقصان پہنچائیں گے۔ یہ ایسی وجوہات ہیں جو اسرائیلی یرغمالیوں سمیت معصوم جانوں کو بچانے کے بجائے ان کے سیاسی کیریئر کو فائدہ پہنچاتی نظر آتی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو کو امریکہ کے ساتھ قطر کے سٹرٹیجک تعلقات کے بارے میں فکر کرنے کے بجائے یرغمالیوں کی رہائی پر توجہ دینی چاہیے۔قطر میں العدید ایئر بیس پر پینٹاگون کی سنٹرل کمانڈ کا علاقائی ہیڈکواٹر ہے اور خلیجی علاقے میں گشت کرنے والے امریکی بحری جہازوں کو باقاعدہ ساحل پر آنے کی اجازت دیتا ہے۔
