نور ویلفیئر سوسائٹی کی فلاحی خدمات کا سرکاری اعتراف، وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے میڈل اور تعریفی خط عطا
جہلم (عبدالرحمن قادری ) سماجی خدمت، انسانی ہمدردی اور رفاہِ عامہ کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرنے والی نور ویلفیئر سوسائٹی کو ماہِ رمضان المبارک میں مستحق اور نادار افراد کے لیے افطار و سحری دستر خوان کے نہایت منظم، وسیع اور کامیاب انعقاد پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے اعلیٰ سطح پر سراہا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تنظیم کی ان شاندار خدمات کے اعتراف میں نور ویلفیئر سوسائٹی کو خصوصی میڈل اور تعریفی خط سے نوازا۔
یہ باوقار اعزاز نور ویلفیئر سوسائٹی کی ان مسلسل فلاحی، انسان دوست اور بے لوث خدمات کا عملی اعتراف ہے جو تنظیم نے خصوصاً رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت سرانجام دیں۔ افطار اور سحری دستر خوان کے ذریعے روزہ دار، مسافر، محنت کش اور مستحق طبقات کو عزت و احترام کے ساتھ کھانا فراہم کرنا ایک ایسا سماجی کارنامہ قرار دیا گیا جس نے خدمتِ خلق کی حقیقی روح کو اجاگر کیا۔
میڈل اور تعریفی خط نور ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے جنرل سیکرٹری فرحت کمال ضیاء نے میر رضا اوزگن سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جہلم کی موجودگی میں وصول کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے نور ویلفیئر سوسائٹی کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے پسے ہوئے اور ضرورت مند طبقات کے لیے اس نوعیت کی منظم فلاحی سرگرمیاں نہ صرف قابلِ ستائش ہیں بلکہ ایک مہذب، حساس اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نور ویلفیئر سوسائٹی آئندہ بھی اسی جوش، خلوص اور جذبۂ خدمت کے ساتھ دکھی انسانیت کی مدد جاری رکھے گی اور دیگر سماجی ادارے بھی اس سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے فلاحی میدان میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔
یہ اعزاز نور ویلفیئر سوسائٹی کے لیے یقیناً باعثِ افتخار ہے، تاہم اس سے بڑھ کر یہ اس امر کی روشن دلیل ہے کہ جو ادارے خاموشی، دیانت اور اخلاص کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے ہیں، انہیں ایک نہ ایک دن معاشرہ اور ریاست دونوں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ نور ویلفیئر سوسائٹی نے اپنی عملی خدمات سے ثابت کیا ہے کہ حقیقی عظمت شہرت میں نہیں بلکہ ضرورت مند انسان کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنے میں پوشیدہ ہے۔
