BBC Urdu TV

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت ضلع میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس آج ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ ضلع میں 13 اکتوبر سے قومی انسداد پولیو مہم شروع ہورہی ہے پولیو کے خاتمے کے لیے والدین اپنے بچوں کو ہر صورت پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے مائیکرو پلان کی تیاری، ٹیموں کی تربیت اور دیگر انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ مہم کے دوران ہر گھر تک پولیو ٹیموں کی رسائی اور نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسد اللہ ڈاہری اور فوکل پرسن پولیو ڈاکٹر اللہ بخش راجپر نے بتایا کہ ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی قومی انسداد پولیو مہم 13 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران ضلع کے پانچ سال تک کی عمر کے 4 لاکھ 26 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے کل 1314 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1212 موبائل، 23 ٹرانزٹ اور 79 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامات جاری ہیں اجلاس میں ڈائریکٹر انفارمیشن محمد موسیٰ گوندل، ایم ایس یار علی جمالی، ڈاکٹر ریاض شاہ، ڈاکٹر امینہ بروہی، مبین منگریو سمیت پی پی ایچ آئی، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، پاپولیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

Exit mobile version