نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد محمد یوسف مجیدانو کی زیر صدارت ووٹر رجسٹریشن فیز-5 کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس آج ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف مجیدانو نے کہا کہ ضلع میں خواتین کی نسبت مرد ووٹرز کی تعداد زیادہ رجسٹرڈ ہے کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کا مقصد ضلع میں مرد و خواتین ووٹرز کے درمیان موجود فرق کو کم کرنا اور قومی شناختی کارڈ (CNICs) کے اجرا کے عمل کو مزید بہتر بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی الیکشن کمشنر آفس کی جانب سے گزشتہ ماہ کے دوران اقلیتی برادری سمیت مختلف علاقوں میں نادرا رجسٹریشن موبائل وین کے ذریعے شہریوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر شناختی کارڈ بنانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی شناختی کارڈ بننے کے بعد ہی ووٹر رجسٹریشن ممکن ہوسکے گی، اسی مقصد کے لیے نادرا کی مدد سے موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے شہریوں کے قومی شناختی کارڈ ان کے گاؤں میں بنانے کی مہم شروع کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کمیٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ بھی مرد و خواتین ووٹرز کے فرق کو کم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر کمیٹی ممبران نے مرد و خواتین ووٹرز کے فرق کو کم کرنے اور قومی شناختی کارڈ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ریجنل انچارج نادرا رفیق احمد بلر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری محمد سلیم بھٹی، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ریاض احمد شر، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر اشفاق مشوری، ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر حسین رند، ماسٹر ٹرینر نصرت شاہ، اسسٹنٹ پروفیسر عبیداللہ ماچھی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذوالفقار رند، مسرور میمن اور دیگر ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔
نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد محمد یوسف مجیدانو
