
نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) مون سون کی بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر سم نالوں کی صفائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ایل بی او ڈی سٹاف کی جانب سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی نے دوڑ کے نالوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 2022 کی بارشوں کی وجہ سے دوڑ تعلقہ میں نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کئی دیہاتوں اور قصبوں کو بارش کے پانی کی نکاسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل بی او ڈی کے عملہ کو تمام نالوں کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور برساتی پانی کی نکاسی کے راستوں پر حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی بروقت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نکاسی آب کے راستے کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی ٹاؤن کمیٹی دوڑ کے دفتر پہنچے اور چیئرمین ٹاؤن کمیٹی دوڑ چوہدری وسیم افضل راجپوت سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہر کی صفائی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جس کے بعد ڈی سی شہید بینظیر آباد اور چیئرمین ٹاؤن کمیٹی دوڑ چوہدری وسیم افضل راجپوت نے مہران ہائی وے ٦٠ میل روڈ کے سم نالوں کا دورہ کیا۔ سم نالوں میں کچرے کی موجودگی کے باعث ایل بی او پی او ڈی کے عملہ کو صفائی کی سخت ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیر آباد عبدالصمد نظامانی کے دورے کے موقع پر اے ڈی سی ون حسن ظفر، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سالم خان زرداری، عبدالرسول بروہی، اسسٹنٹ کمشنر دور محمد ذاکر کاکڑ، انجینئر ثناء اللہ جونیجو، راجہ حسین ڈیٹھو، ذیشان علی مری اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
