نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ شہید بینظیرآباد خان محمد زرداری کی جانب سے ضلع شہید بینظیرآباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں درپیش مسائل کے حل اور محتسب اعلیٰ ادارے کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس شہید بینظیرآباد میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔اس موقع پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ شہید بینظیرآباد خان محمد زرداری نے کہا کہ ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے اسکولوں میں سہولیات کا جائزہ لیا ہے، تاہم متعدد اسکولوں میں پینے کے پانی، واش رومز، فرنیچر سمیت دیگر سہولیات کی کمی ہے جس کے حل کے لیے محکمہ تعلیم کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری منعقد کرنے کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات کی کمی کے حل کے لیے اقدامات کرنا اور اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو محتسب اعلیٰ ادارے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ خان محمد زرداری نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری اور پرائمری کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں میں پینے کے پانی اور فرنیچر کی فراہمی کے لیے اقدامات کریں، جبکہ اسکولوں میں سندھی سبجیکٹ لازمی پڑھانے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ریجنل ڈائریکٹر نے تمام اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محتسب اعلیٰ کا ادارہ عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے ۔اس موقع پر مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز نے اسکولوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری حمیرہ میر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری محمد سلیم بھٹی نے تعلیمی اداروں میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر کو آگاہ کیا اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں ضلع شہید بینظیرآباد کے تمام تحصیلوں کے مرد و خواتین تعلقہ ایجوکیشن افسران، گورنمنٹ ہائی، ہائر سیکنڈری اور ایلیمنٹری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز نے شرکت کی۔
نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر
