*نارتھ ناظم آباد یو سی 6 اور 7 میں عوامی استقبالیہ کا انعقاد، پانی کی قلت اور دیگر عوامی مسائل پر توجہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) نارتھ ناظم آباد یو سی چھ اور سات میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک اہم عوامی استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی وجیہہ حسن نے کی۔ انہوں نے پروگرام میں عوام کے مسائل سنے اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر گھر تک پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پانی کی لائنوں کی بہتری اور پانی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ وجیہہ حسن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے ہر علاقے میں عوامی مسائل کے حل کیلئے اسی جذبے سے کام کر رہی ہے اور ان کا مقصد ہے کہ عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی نمائندوں کے ذریعے مسائل کو حکومت تک پہنچا رہی ہے اور جہاں ممکن ہو، اپنے طور پر بھی ان کا حل نکال رہی ہے۔
استقبالیہ میں چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، عاطف علی خان نے بھی شرکت کی اور عوام کے مسائل غور سے سنے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی سپلائی میں شدید کمی ہے جو کہ واٹر بورڈ کی جانب سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی فراہمی کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے وہ واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام سے بات کریں گے تاکہ عوام کو اس اہم ضرورت سے محروم نہ رہنا پڑے۔ پروگرام میں چیئرمین یو سی چھ فیصل نسیم اوتار اور وائس چیئرمین یو سی پانچ انیب صدیقی نے بھی فعال کردار ادا کیا۔ انہوں نے عوام کے مختلف مسائل غور سے سنے اور ان کے جوابات دیئے۔ ان رہنماؤں نے عوام کو یقین دلایا کہ علاقے کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ان مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست حکام کے سامنے رکھے۔ عوام نے چیئرمین عاطف علی خان، فیصل نسیم اوتار، انیب صدیقی، اور وجیہہ حسن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے مسائل سننے اور ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔ استقبالیہ کے دوران پانی کی قلت کیساتھ ساتھ صفائی، سیوریج اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔
