مولانا ضیاء الرحمن شہید کے قاتلین کو جلد از جلد کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔حافظ عبدالحمید عامر
اگر ہمارے مطالبے کو نہ سنا گیا تو مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان پورے ملک میں احتجاج کی کال دے گی۔
جہلم (محمد زاہد خورشید ) مولانا ضیاء الرحمن شہید کے قاتلین کو جلد از جلد کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے قرار داد مذمت پیش کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ 13ستمبر کی شام کراچی میں ایک بڑے ادارے جامعہ ابی اسلامیہ کے مہتمم مولانا ضیاء الرحمن مدنی کو شر پسند عناصر نے بڑے بہیمانہ انداز میں گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ پرامن علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ کرنے والے ہرگز ملک و ملت میں امن نہیں چاہتے، وہ ملک میں انتشار و افتراق کو ہوا دینا چاہتے ہیں اور ہمارا وطن عزیز اس کا ہرگز متحمل نہیں ہے، مولانا ضیاء الرحمن مدنی شہید ایک مصلح، دینی حمیت و غیرت رکھنے والے عالم دین اور بڑی نفیس طبیعت کے مالک تھے، ان کے قاتلین کو اب تک نہ پکڑے جانا متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا سوالیہ نشان ہے۔ہمیں مجبور نہ کیا جائےاور ہماری امن پالیسی کا امتحان نہ لیا جائے۔ ہم حکومت وقت اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلین کو جلد از جلد کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے ، اگر ہمارے مطالبے کو نہ سنا گیا تو مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان پورے ملک میں احتجاج کی کال دے گی۔ حافظ عبدالحمید عامر کی ہدایات پر ضلع جہلم کی بڑی مساجد میں خطبات جمعہ کے اجتماعات میں اس حوالے سے قرار داد پیش ہوئیں جن میں مرکزی جامع مسجد اہل حدیث چوک اہل حدیث، جامع مسجد سلطان اہل حدیث (جامعہ اثریہ)، جامع مسجد محمدی اہل حدیث محمدی چوک، جامع مسجد علیا اہل حدیث بلال ٹاؤن ، مرکزی جامع مسجد اہل حدیث سوہاوہ اور دیگر مساجد شامل ہیں۔
