ملک میں نفرتوں کے بیج نہ بوئے جائیں:انجینئر ندیم ممتا ز قر یشی
سیاستدانوں کی قومی سلامتی کے اداروں پر تنقید ملک دشمنی کے مترادف:چیئرمین
ملکی آبادی کا 60فیصد نوجوانوں پر مشتمل،روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں:گفتگو
نوجوان ملک و قوم کو قیمتی سرمایہ، انہیں اس طرح بے روزگاری کا شکار نہ ہونے دیاجائے
سیاسی عدم استحکام سے معاشی بدحالی کے ساتھ امن و امان کو لاحق خطرات بھی بڑھ رہے ہیں
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئرندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ملک میں نفرتوں کے بیج نہ بوئے جائیں،پاکستان میں جاری سیاسی انتشار اس قدر بڑھ چکا ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے بھی اس سے محفوظ نہیں رہے،سیاستدان نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی بجائے اُن کے مستقبل کے بارے میں سوچیں،ملکی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر ان کو اعلی تعلیم کے مواقع اور بروقت روزگار کی فراہمی کے بارے میں آج تک کسی بھی حکومت نے نہیں سوچا بلکہ سب زبانی کلامی دعووں اور وعدوں کے بل بوتے پر آگے بڑھتے رہے جس کی وجہ سے آج صورتحال اس نہج تک آن پہنچی ہے کہ لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان بیرون ممالک میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی انتشار اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کو قیمتی سرمایہ ہیں انہیں اس طرح بے روزگاری کا شکار ہونے دیا گیا تو ان میں موجود احساس محرومی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائے گا۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لئے سیاسی جماعتوں کے سربراہان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا اگر عدم استحکام کی فضا برقرار رہی تو اس سے جہاں معاشی بدحالی بڑھے گی وہاں ملک میں امن و امان کے قیام کو لاحق خطرات بھی بڑھ جائیں گے۔
