BBC Urdu TV

ملکی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لئے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم

وفاقی دارالحکومت کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے مشن کے تحت وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر سی ڈی اے نے پہلی بار اسلام آباد کیلئے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم کر دیا۔

سی ڈی اے نے کلائمیٹ چینج انیشیٹیو کے تحت سی ڈی اے نے خصوصی فنڈ قائم کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ماحولیاتی فنڈ کے قیام پر چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نے ماحولیاتی فنڈ قائم کرکے لیڈ لی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انیشیٹو کے تحت شہر میں کاربن کریڈٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، کاربن کریڈٹ پروگرام کے تحت شہر میں درخت لگانے کے لئے 2000 سے 10،000 کنال پر محیط مقامات مختص کردئیے ہیں، مختص مقا مات پر 40 لاکھ سے 50 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کے لئےمقامات نئے سیکٹرز، ایونیوز اور دیگر کھلے علاقوں میں مختص کیے گئے ہیں، مارگلہ ہلز پر واقع تفریحی مقامات پر مارگلہ ہلز فنڈ کی منظوری دے دی، یہ فنڈ تفریحی مقامات کی آمدن کا 1.5 فیصد حصہ ہوگا۔

محمد علی رندھاوا کا مزید کہنا تھا کہ حاصل رقم سے مارگلہ ہلز کی حفاظت اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

Exit mobile version