میاں چنوں: بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مولانا عاصم جمیل سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
ڈی ایس پی میاں چنوں نے واقعہ سے متعلق بتایا کہ مولانا عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی ماری، مولانا عاصم جمیل کو تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا جہاں پر وہ جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مولانا عاصم جمیل کی خود کشی کی تاحال کوئی وجہ سامنے نہیں آ سکی، واقعہ سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔
بیٹے کی حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا، مولانا طارق جمیل
جوان بیٹے کے انتقال پر مولانا طارق جمیل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے، اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا ہے۔
— Tariq Jamil (@TariqJamilOFCL) October 29, 2023
انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے مبینہ طور پر گولی لگنے سے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خانیوال سینئر پولیس افسران کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں جبکہ واقعہ سے جڑے شواہد اکٹھے کر لے گئے ہیں۔
دوسری جانب مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کے انتقال پر مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مولانا طارق جمیل کے فرزند کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے مولانا عاصم جمیل کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس اور مولانا طارق جمیل اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کے انتقال کے اندوہناک واقعہ پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
