مستقبل پاکستان کے چیئرمین انجینیئر ندیم ممتاز قریشی صاحب کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر میں انٹرا پارٹی الیکشن کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ نئی ممبر شپ اور عہدے داروں کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی جنرل سیکرٹری معین قریشی صاحب نے سینٹرل آفس ملتان میں ڈی جی خان ڈویژن کے عہدے داروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے جس میں عامر محمود قریشی کو چیئرمین انجینئر ندیم ممتاز قریشی صاحب کی خصوصی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں ڈویژن کا صدر مقرر کیا گیا ہے، اور شیخ سراج عامر کو ضلعی صدر سپورٹس ونگ، شیخ بلاول ریاض کو ضلعی جنرل سیکریٹری سپورٹس ونگ مقرر کیا گیا ہے اور انہیں مبارکباد دی۔
عامر محمود قریشی نے اس موقع پر چیئرمین کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ عہدے دار اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور ادراک کریں اور عوام کو اس بات کا شعور دیں کہ ان کے پاس ووٹ کی طاقت موجود ہے، جس کے ذریعے ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ یہ وہی طاقت ہے جس سے ان افراد کو شکست دی جا سکتی ہے جو گزشتہ دہائیوں سے عوام پر مسلط ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے بجائے مزید بگاڑ پیدا کر رہے ہیں۔
پاکستان کو اس وقت سنگین معاشی اور معاشرتی مسائل کا سامنا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، اور معیاری تعلیم و صحت کی سہولیات کا فقدان جیسے مسائل عوام کو بے حد پریشان کیے ہوئے ہیں۔ ان مشکلات کے حل کے لیے ضروری ہے کہ عوام میں ووٹ کا شعور اجاگر کیا جائے تاکہ وہ اپنی تقدیر کے فیصلے خود کر سکیں اور ایسی قیادت کو منتخب کریں جو ان کے مسائل کا حل نکال سکے۔
مستقبل پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہماری یہ کوشش ہے کہ ہر شہری کو اس کی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے تاکہ وہ اپنی طاقت کا درست استعمال کر سکے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ آخر میں عامر محمود قریشی نے چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی صاحب کا شکریہ ادا کیا
