مستقبل پاکستان پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر پی پی 289 ڈی جی خان ڈویژن کے صدر عامر محمود قریشی نے حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز کے نفاذ پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے غریب عوام پر ناقابل برداشت بوجھ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے عام صارفین کے بلوں میں مختلف قسم کے ٹیکسز جیسے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ، نیلم جہلم سر چارج اور دیگر سرچارجز شامل کیے گئے ہیں جن کی وجہ سے بلوں کی مجموعی رقم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کے بلوں میں نئے اضافی ٹیکسز بھی عائد کیے گئے ہیں، جس نے پہلے سے مشکلات کا شکار عوام کے لیے زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ان غیر ضروری اور ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ کرے، تاکہ عام آدمی کو کچھ ریلیف مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ بلوں میں مقررہ مدت کے بعد اضافی جرمانے اور سر چارجز بھی نافذ کیے گئے ہیں، جن سے لوگوں کے لیے اپنے بل بروقت ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹیکس کے اعداد و شمار کا از سر نو جائزہ لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
عامر محمود قریشی نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اتنے بھاری اضافے سے عوام کی معاشی حالت مزید خراب ہو رہی ہے، اور اس مہنگائی کے دور میں لوگ اپنے بنیادی اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرے تاکہ ایک مستحکم معاشرتی اور معاشی ماحول قائم کیا جا سکے۔
