مرکزی مسلم لیگ کے تحت سہراب ٹاؤن میں فری میڈیکل کیمپ کاانعقاد
کراچی ( اسٹاف رپورٹ )
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سےسہراب ٹاؤن میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں میڈیکل شعبہ جات کے ماہرڈاکٹر ز نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ دن بھر مرد وخواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مریضوں کا فری میڈیکل چیک اپ، اور ٹیسٹ کیے گئے ۔کیمپ میں مریضوں کو معیاری ادو یات مفت میں فراہم کی گئیں۔ فری میڈیکل کیمپ سے سہراب ٹاؤن بھرکے سینکڑوں افراد نے استفادہ کیا۔اورفری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر اہلیان علاقہ کی طرف سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔فری میڈیکل کیمپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کےصدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد مئیر کراچی کی کارکردگی پوری طرح واضح ہوگئی ہے۔ شہر کی کوئی سڑک ایسی نہیں بچی جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہو ۔سڑکوں پر گڑھے اوردھول مٹی انسانی صحت پر منفی اثرات ڈال رہی ہے۔ مئیر کراچی اور سندھ حکومت کراچی کے عوام پر رحم کریں اور انہیں بنیادی زندگی کی سہولتیں فراہم کریں۔ احمد ندیم اعوان نے مزیدکہا کہ مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ اپنی مدد آپ کے تحت ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔ کیونکہ ہمارا مقصد ہی انسانیت کی خدمت ہے۔ فری میڈیکل کیمپس کا مقصد شہر قائد میں بے روزگار اور سفید پوش افراد تک صحت کی سہولتیں پہنچانا ہے جو طبی فیس برداشت نہیں کر سکتے۔ کیمپ کے انتظامی امور کے منتظم اور مرکزی مسلم لیگ کے مقامی ذمہ دار حافظ عبدالقیوم کا کہناتھا کہ سہراب ٹاؤن پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہوتاہے۔یہاں صحت و علاج کی سہولیات ناکافی ہیں۔ہم گاہے بگاہے سہراب ٹاؤن کےمختلف علاقوں میں ڈاکٹرز کو بلا کر فری میڈیکل کیمپ لگاتے رہتے ہیں تاکہ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کر سکیں۔
