BBC Urdu TV

لبنان میں "پیجر” آلات کے ذریعے کیے گئے دھماکوں کی شدید مذمت

لبنان میں "پیجر” آلات کے ذریعے کیے گئے دھماکوں کی شدید مذمت

مستقبل پاکستان کے چیئرمین انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے لبنان میں ہونے والے "پیجر” آلات کے دھماکوں پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لبنان میں معصوم جانوں کے ضیاع اور ہزاروں لوگوں کے زخمی ہونے پر پوری دنیا کو فوری اور مؤثر قدم اٹھانا چاہیے تاکہ ایسے سانحات دوبارہ نہ ہوں۔

انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں جو حقائق سامنے آئے ہیں، ان سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ حملے انتہائی منظم اور منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے ہیں، جن میں اسرائیل ملوث ہے۔ لبنان کے سفارتی مشن نے اقوام متحدہ میں جو تفصیلات پیش کی ہیں، اس کے مطابق پیجر آلات میں دھماکہ خیز مواد پہلے سے نصب تھا اور برقی پیغامات کے ذریعے ان دھماکوں کو انجام دیا گیا۔ یہ کارروائیاں اسرائیلی جارحیت اور ظلم کا ایک نیا اور تشویشناک پہلو ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دہشت گردی کا نشانہ حزب اللہ کے زیر استعمال مواصلاتی آلات تھے، لیکن اس کے نتیجے میں جو 37 افراد کی شہادت اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، وہ ناقابلِ قبول اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ لبنان کی خودمختاری پر حملہ اور انسانی جانوں کو نقصان پہنچانے والی یہ کارروائیاں عالمی برادری کی خاموشی اور بے حسی کا نتیجہ ہیں۔
انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے اقوام متحدہ اور عالمی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کی ان کارروائیوں کا نوٹس لیں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اس کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کی جانب سے ہونے والے ان حملوں کا نوٹس لے کر لبنان کے حق میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ مستقبل پاکستان ہر اس اقدام کی حمایت کرتا ہے جو انسانی حقوق، بین الاقوامی امن اور انصاف کی فراہمی کے لیے اٹھایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم دنیا کو اس مسئلے پر متحد ہو کر ایک مضبوط موقف اپنانا چاہیے تاکہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔
اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ آمین!

Exit mobile version