فیملی میٹرز میں معاوضہ نچلی عدالت طے کرے تو معاملہ سپریم کورٹ نہیں آنا چاہیے۔چیف جسٹس
سپریم کورٹ نے چھوٹے بچے کے لیے 25 ہزار ماہانہ خرچے کی رقم دینے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد(نمائندہ نازش جبین)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ فیملی میٹرز میں معاوضوں کی ادائیگی کی اپیلیں سپریم کورٹ میں نہیں آنی چاہئیں۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے فیملی میٹرز میں معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ فیملی میٹرز میں معاوضوں کی ادائیگی کی اپیلیں سپریم کورٹ میں نہیں آنی چاہئیں، نچلی عدالتیں معاوضہ طے کردیں تو معاملہ ختم ہونا چاہیے، معاوضوں کی ادائیگیوں کی رقم میں سپریم کورٹ نہیں پڑے گی۔اس موقع پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ چھوٹے بچے کے لیے 25 ہزار ماہانہ خرچہ بہت زیادہ ہے۔تاہم عدالت نے ماہانہ خرچہ 25 ہزار مقرر کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کردی۔
