گجرات پولیس نے شہریوں کے ساتھ فراڈ اور نوسر بازی کی وارداتیں کرنے والا بین الاضلاعی فراڈیا ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ملزم کے قبضے سے 37 لاکھ روپے نقدی 80 گرام سونا مالیتی33 لاکھ روپے برآمد
شہریوں سے ہتھیایاگیا مال ان کے حوالے کر دیا گیا
تفصیلات کے مطابق سٹی سرکل گجرات میں ایک نوسر باز فراڈیا متحرک تھا جو سادہ لو ح شہریوں کومدد کا جھانسہ دے کر اپنا شکار بنایا تھا۔ ملزم سادہ لوح شہریوں کو ایرانی کرنسی کی ویلیو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا اور شہریوں کو لالچ دے کر لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی طلائی زیورات ہتھیا کررفو چکر ہو جاتا۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے اس نوسر باز کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی سٹی سرکل ظفر اقبال کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دے کر ہدایت کی کہ ملزم کوتمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جلد از جلد ٹریس کر کے شہریوں کی کل نقدی اور قیمتی زیورات برآمد کیے جائیں۔ ڈی ایس پی سٹی سرکل کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے انتہائی محنت اور سیف سٹی کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ جس کے قبضہ سے دوران انٹیروگیشن 37 لاکھ روپے نقدی اور 33 لاکھ روپے کے طلائی زیورات برآمد کیے۔
نوسر باز کے خلاف تھانہ سول لائن میں 2 مقدمات، تھانہ اے ڈویژن میں 2 مقدمات، تھانہ بی ڈویژن میں ایک مقدمہ جبکہ ملزم نے تھانہ صدر گجرات کے علاقے میں بھی نوسر بازی کی واردات کی تھی۔ ملزم کے خلاف ضلع راولپنڈی اور منڈی بہاولدین میں اسی نوعیت کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزم قیصر محمود ولد الطاف سکنہ ٹینچ باٹا راولپنڈی سے ٹوٹل 70 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد ہوا۔ برآمد نقدی اور طلائی زیورات ڈی پی او کمپلیکس گجرات میں ایک خصوصی تقریب کے دوران اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔ جنہوں نے گجرات پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بھر پور شکریہ ادا کیا۔
