عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھوں گا، فراز الرحمان
کراچی : (اسٹاف رپورٹ)
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور معروف کاروباری و سماجی شخصیت فراز فراز الرحمان نے ملک بھر میں ہونے والے انتخابات 2024 کے لئے کورنگی کے حلقے 233 اور 234 سے تیاریاں شروع کردی ہیں اور اپنی انتخابی مہم کا آغاز بھی کردیا ہے۔ فراز الرحمان نے اپنی رابطہ مہم کے آغاز کے موقع پر کارنر مٹنگ سے خطاب کے دوران کہا کہ بحیثیت صدر کاٹی صنعتکاروں کو درپیش ان کے بنیادی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے میں نے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کے حل کے لئے اقدامات کئے ، اور اس ہی خدمت کے مشن کے تحت اس کارِ خیر کو آگے بڑھاتے ہوئے حلقہ 233 اور 234میں عوام کے بنیادی مسائل ، مہنگائی ، روڈو ں کی خستہ حالی، امن وا مان کی بہتری اور انفرااسٹرکچر سمیت دیگر درپیش مسائل کو متعلقہ اداروں سے حل کرانے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ سیاست کو بطور کاروبار نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے جزبے کے تحت سیاسی میدان میں قدم رکھا ہے، کیونکہ خلق خدا کی خدمت سے ہی اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے عوام سے خطاب میں مزید کہا کہ انتخابی عمل ہر ووٹر کے لئے ضروری ہوتا ہے کیونکہ یہ ہر اہل شہری کو اپنے نمائندوں کے انتخاب میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔فراز الرحمان نے کہا کہ کورنگی میں واقع صنعتوں میں زیادہ تر محنت کشوں کا تعلق چونکہ کراچی سے ہے اس لئے میں ان کے روزمرہ کے مسائل اور درپیش مشکلات سے بھی واقف ہوں، اس لئے میں میری حتیٰ الامکان کوشش ہوگی کہ موجودہ درپیش مسائل اور مہنگائی سے غریب آدمی کو چھٹکارا دلاؤں۔فراز الرحمان نے کہا کہ میرا مشن حلقے کے عوام کی خدمت کرنا ہے اور میرا مشن ہر بےروزگار نوجوان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ کسی کی عزت نفس پر آنچ نہ آئے اور وہ شخص اپنے گھر کی کفالت بہترین انداز میں کرے۔اس موقع پر حلقہ کے علاقہ مکین نے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
