عنوان: اڑان لٹریری کلب کا ناز مظفر آبادی کی صدارت میں شامِ جاوید جدون
نام: ڈاکٹر صبا فردوس
اڑان لٹریری کلب (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام دی ارقم سکول چنار روڈ ایبٹ آباد کے مقام پر جدید لب و لہجہ کے منفرد شاعر جاوید جدون کے اعزاز میں محفلِ مشاعرہ منعقد کیا گیا۔
28 مئی 2023 کو بہ وقت 3 بجے شروع ہونے والے محفلِ مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر ناز مظفر آبادی نے کی۔ جب کہ مہمانانِ خصوصی نصرت یاب نصرت اور نعیم جاوید نعیم تھے۔ مہمانانِ اعزاز عبدالبصیر تاجور اور عصمت اللہ نیازی تھے۔ نظامت کے فرائض چیف کروآرڈینیٹر اڑان لٹریری کلب ایبٹ آباد عاصم اسیر قریشی نے احسن انداز میں ادا کئے۔
تقریب کا بھرپور آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا جس کا شرف پیر کرامت نے حاصل کیا۔ جس کے بعد عاصم اسیر قریشی نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نعت پڑھی۔ اس کے بعد جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں شکیل اعوان، سید جواد گیلانی، سہیل احمد صمیم، اویس ساقی، فیاض حسین شاہ، پیر کرامت، ذیشان علی، نجم الحسن کاظمی، توصیف علوی، راجہ حارث، سید صہیب ہاشمی، علی احسن بخاری، تحسین علی نقوی، احمد ریاض، قاضی بختیار، نعمان حافظ، امین صادق، سعید ارشد، اویس ساقی، بانی اڑان لٹریری کلب بلال ہادی، چیئرمین اڑان لٹریری کلب عاصم عاضی اور چیف کوآرڈینیٹر ایبٹ آباد عاصم اسیر قریشی شامل تھے۔ اسلام آباد، مظفر آباد، چکوال، میانوالی، خوشاب، روات، راولپنڈی، اٹک اور ایبٹ آباد جیسے خوب صورت شہروں سے شعراء نے شرکت کی۔ تقریب کے حوالہ سے مہمانِ شام اور صاحبِ صدر کا کہنا تھا کہ یہ تقریب بہت سے حوالوں سے ایک بھرپور تقریب ہے۔ جس میں نہ صرف شعراء نے بہترین اشعار پڑھے بلکہ تمام شعراء کے اشعار کو سنا اور داد بھرپور داد دی۔ اس موقع پر صاحبِ شام جاوید جدون اور صاحبِ صدر نے اپنا اپنا شعری مجموعہ شعراء میں تقسیم کیا۔
تقریب کے اختتام پر اڑان لٹریری کلب کے بانی بلال ہادی نے دی ارقم سکول ایبٹ آباد کے روح رواں جناب احمد ارشد کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ایسی علمی و ادبی سرگرمیوں کو ایبٹ آباد میں جاری رکھنے کا عہد کیا۔
