BBC Urdu TV

صرف نوکری حاصل کرنا کامیابی کی علامت اور قابل فخر بات نہیں، ہمارا مقصد نوکری کی تلاش نہیں

*صرف نوکری حاصل کرنا کامیابی کی علامت اور قابل فخر بات نہیں، ہمارا مقصد نوکری کی تلاش نہیں، بلکہ نوکریاں پیدا کرنا ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر خالد عراقی*

*موثر ٹیم ورک کسی بھی ادارے یا تنظیم کی کامیابی کی بنیاد ہوتا ہے۔ ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر*

*اچھا بولنے، لکھنے، اور سننے والا شخص زیادہ موثر طریقے سے کام کرسکتا ہے اور ٹیم میں بہتر کردار ادا کرتا ہے۔ ڈاکٹر شگفتہ اشتیاق*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پرانے طریقہ کار کی افادیت کم ہوتی جا رہی ہے، اور اب ایک نئی طرزِ فکر اور عملی تربیت کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ تربیتی ورکشاپس نہ صرف فروغی اداروں کے لئے معاون ہوتی ہیں بلکہ مجموعی طور پر تعلیمی نظام میں ایک مضبوط سہارا بھی فراہم کرتی ہیں۔ اگر مختلف اداروں کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ وہ ٹریننگ پر کثیر رقم خرچ کرتے ہیں اور ان کے نزدیک ٹریننگ پر خرچ کوئی اخراجات نہیں بلکہ مستقبل کے لیے ایک سرمایہ کاری ہے۔ ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں مارکیٹ میں مقابلہ انتہائی سخت ہوچکا ہے۔ اس لیے طلبہ کو صرف نصابی علم ہی نہیں بلکہ عملی مہارت بھی حاصل ہونی چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں خود کو موثر طریقے سے منوا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام شعبہ ہذا میں منعقدہ ورکشاپ بعنوان ”نتائج پر مبنی تعلیم: معیاری تعلیم میں تربیت یافتہ اساتذہ کا کردار“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ صرف نوکری حاصل کرنا کامیابی کی علامت اور قابل فخر بات نہیں، آپ ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں مقصد صرف نوکری تلاش کرنا نہیں، بلکہ نوکریاں پیدا کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود مختار بنیں، اختراعی سوچ اپنائیں اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، رحیم یارخان کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ موثر ٹیم ورک کسی بھی ادارے یا تنظیم کی کامیابی کی بنیاد ہوتا ہے اور اگر ٹیم ورک میں موجود رکاوٹوں کو بروقت دور کر لیا جائے تو نہ صرف کام کی رفتار بڑھائی جاسکتی ہے بلکہ اہداف کے حصول میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھی ٹیم وہی ہے جو تنقید کو برداشت کرے، ایک دوسرے سے سیکھے، اور ہر فرد کو اہمیت دے۔ جب ہر رکن کو محسوس ہو کہ اس کا کردار اہم ہے، تو کارکردگی میں خود بخود بہتری آتی ہے۔ صدر شعبہ کیمیکل انجینئرنگ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ اشتیاق نے شعبہ ہذامیں ہونے والی تدریس و تحقیقی سرگرمیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کمیونیکیشن اسکلزپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسکلز صرف زبان بولنے تک محدود نہیں ہوتیں، بلکہ سننے، سمجھنے، جواب دینے، اور دوسروں کے ساتھ موثر تعلق قائم کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہوتی ہے۔اچھا بولنے، لکھنے، اور سننے والا شخص زیادہ موثر طریقے سے کام کر سکتا ہے اور ٹیم میں بہتر کردار ادا کرتا ہے۔

Exit mobile version