BBC Urdu TV

صاف ستھرا کراچی ترجیح، عوام سے رابطے کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے: طارق علی نظامانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) : سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع اسٹیٹ لائف بلڈنگ نمبر 2 میں قائم سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کال سینٹر کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شہری خدمات کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لینا اور اسے مزید مؤثر بنانا تھا۔

دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے کال سینٹر کی مجموعی کارکردگی، شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے سے ملاقات کی اور شکایات کے بروقت حل اور رابطہ کاری کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر گفتگو کی۔

انہوں نے عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور ادارے کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے میں کال سینٹر کا کردار انتہائی اہم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق علی نظامانی نے کہا: “عوامی شکایات کا فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے، مؤثر سروس ڈیلیوری سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بڑھتا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ معیارِ خدمات کو برقرار رکھنا اور بروقت ردعمل دینا شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔ ان کے مطابق، “ہر شکایت ہماری کارکردگی بہتر بنانے کا ایک موقع ہے تاکہ ہم عوام کی بہتر خدمت کر سکیں۔”

طارق نظامانی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے 1128 پر رابطہ کریں، کیونکہ صاف اور صحت مند ماحول کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔

دورے کے دوران سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ انتظامیہ اور کال سینٹر حکام کے درمیان رسپانس ٹائم بہتر بنانے، رابطہ کاری کو مؤثر کرنے اور شکایات کے نظام کو مزید شہری دوست بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Exit mobile version