BBC Urdu TV

شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر قیادت مختلف ڈونرز تنظمیوں کے نمائندوں کا اجلاس

*شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر قیادت مختلف ڈونرز تنظمیوں کے نمائندوں کا اجلاس*

*جامعہ میں موجود اسکالرشپس میں مزید اضافہ کے حوالے سے تبادلہ خیال اور تجاویز*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے گزشتہ روز مختلف ڈونرز تنظیموں کے نمائندوں نے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔جن تنظیموں کے نمائندوں نے شیخ الجامعہ سے ملاقات کی ان میں بلوچستان ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ، الکوثر یو ایس اے، یوکے اے ایچ اے ہیوسٹن، پاکستان بیت المال اور احسان ٹرسٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیسہ کلیہ علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف اور اسٹوڈنٹس فائنینشل ایڈ آفس کی انچارج پروفیسر ڈاکٹر ذی اسماء حنیف خان و دیگر بھی موجود تھے۔ احسان ٹرسٹ کے جنرل منیجر فیاض الرحمان نے اجلاس کو بتایا کہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے پانچ سو سے زائد طلباء نے ماضی میں ٹرسٹ سے بلا سود قرضے حاصل کئے ہیں اور اب وہ ایک ہی وقت میں پانچ سو سے زائد طلباء کو مالی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شام کے طلباء بھی احسان ٹرسٹ اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور ہر ضرورت مند طالب علم کو ان کی تعلیم کے کسی بھی مرحلے پر آسان قرضے دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کیمپس کے طلباء کیلئے ٹرانسپورٹ بسوں کی خریداری کیلئے بھی بلاسود مالی امداد فراہم کرسکتا ہے۔ الکوثر یو ایس اے کی نمائندگی کرنے والے قائم مہدی نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی طلباء کی معاونت کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کے تعلیمی شعبے کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں طلباء کی بڑی تعداد ہے اور الکوثر انکا تعلیمی معیار بلند کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان بیت المال کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعدیہ اشرف نے بتایا کہ پاکستان بیت المال پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ہونہار طلباء کو وظائف فراہم کرتا ہے اور پاکستان بیت المال شام کے پروگرام میں پڑھنے والے نوجوانوں سمیت مزید طلباء کی سہولت کیلئے اسکالرشپ فنڈز کے پول کو بڑھانے کیلئے کام کررہا ہے۔ یوکے اے ایچ اے ہیوسٹن کی نمائندگی کرنے والے فیروز اقبال نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے سابق طلباء انفرادی سطح پر طلباء کی مدد کررہے تھے لیکن مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد انہوں نے اسٹوڈنٹس فائنینشل ایڈآفس کے ذریعے مزید طلباء کی مدد کیلئے فنڈز میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنی صلاحیتوں کے مطابق دوسروں کی مدد کرنے کی کوشش کریں۔ دریں اثناء جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مہمانوں کو اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ پروجیکٹ کے بارے میں بتایا جو ان طلباء کی مدد کر رہا ہے جو اپنی داخلہ فیس برداشت نہیں کرسکتے، اور میرٹ و ضرورت مند طلباء کیلئے وظائف کیلئے مختص تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف شعبہ جات سے فارغ التحصیل طلبہ کے ذریعے بھی کلاس رومز میں مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔سرکاری اور نجی شعبہ جات کا اشتراک وقت کی اہم ضرورت اور ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سندھ میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کیلئے مختص فنڈز میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ ہمارے طلباء کیلئے سندھ انڈاؤمنٹ فنڈ کی فراہمی میں بھی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام ڈونرز نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ خرچہ نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کے مثبت اور دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
اجلاس کے اختتام پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے ہمراہ تمام ڈونرز تنظیموں کے نمائندوں، ڈاکٹر شائستہ تبسم، ڈاکٹر ذی اسماء حنیف و دیگر نے پودے بھی لگائے۔

Exit mobile version