شہیدکنسٹیبل نعیم اخترکے یوم شہادت کے موقع پر اس کے آبائی گاؤں میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں شہید کانسٹیبل نعیم اختر کے یوم شہادت کے موقع پر اس کے آبائی گاؤں جسوکی میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈی ایس پی صدر سرکل عدنان احمد ملک، ایس ایچ اتھانہ کنجاہ انور سرلہ، انچارج ویلفیئر برانچ سجاد احمد، شہید کے والد ماسٹر خالد محمود، شہید کے بھائی شرجیل سپرا(نائب پی آر او)،دیگر پولیس افسران و اہل دیہہ نے شرکت کی۔ شہید کنسٹیبل نعیم اختر کی لحد پر حاضری دی گئی، ڈی ایس پی صدر سرکل نے شہید کی لحد پر پھول چڑھائے۔اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی ۔بعد ازاں پیر سید نذر حسین شاہ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔
شہید کانسٹیبل نعیم اخترتھانہ کنجاہ کے علاقہ جسوکی کا رہائشی تھا جو سال 2007کو محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوا۔نعیم اختر انتہائی فرض شناس،بہادر اور اعلیٰ اخلاق کا مالک تھا۔تھانہ سول لائنز میں تعیناتی کے دوران 18جنوری 2013کی رات انچارج چوکی شاہین و دیگر ملازمین کے ہمراہ گشت ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا کہ موضع لنڈ پور میں فائرنگ کی آواز سنی گئی جس پر وہ فوراً موقع پر پہنچ گئے محلہ سردار میں گلی کے کونے پر ایک مسلح شخص اندھا دھند فائرنگ کر رہا تھا جس نے پولیس ملازمین پر بھی سیدھی فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں نعیم اختر 2561/C نے جام شہادت نوش کیا۔
ڈی پی او گجرات سید اسد مظفرنے فرض کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہیدکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا فخر ہیں جنہوں نے اپنا آج قربان کر کے ہمارا کل محفوظ بنایا۔شہداء کی لازوال قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
