شرپسند شخص کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو قتل کی دھمکی دینے کی شدید مذمت۔صفدر خان باغی
برطانیہ میں نفرت انگیز اور تشدد پر مبنی مہم چلانے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی نائب صدر صفدر خان باغی نے برمنگھم میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر ایک شرپسند شخص کی جانب سے فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو قتل کی دھمکی دینے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت کے خلاف دھمکیاں اور تشدد پر اکسانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، یہ عمل شدت پسندی اور دہشت گردی کے مترادف ہے۔ صفدر خان باغی نے برطانیہ میں نفرت انگیز اور تشدد پر مبنی مہم چلانے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔مرکزی نائب صدر نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے برطانوی حکومت کو لکھے گئے خط کو بروقت اور ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ریاست، افواجِ پاکستان اور آئین کے ساتھ غیر متزلزل طور پر کھڑی ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
