نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج (اتوار کو) متحدہ عرب امارات کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اپنے دورے کے دوران پاکستانی وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید بن النہان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
بیان کے مطابق ان ملاقاتوں سے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ثقافتی، دفاع اور عوام سے عوام کے تعلقات سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی
دفتر خارجہ نے مزید کہا: ’اس دورے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز پروجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹک، کان کنی، ایوی ایشن اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔‘
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ یو اے ای چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے
