سکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنیوالے 54 خوارج ہلاک۔
یہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں کسی ایک کارروائی میں مارے جانے والے خوارج کی سب سے بڑی تعداد یے۔ آئی ایس پی آر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ائی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اپریل کی درمیانی رات اور پھر 26 اور 27 اپریل کی رات کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے اس بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت نوٹ کیا جو پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی دراندازی کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ائی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یہ خوارج اپنے ’غیر ملکی آقاؤں‘ کے ایما پر پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کر رہے تھے۔ ائی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگا رہا ہے، خوارج کی یہ سرگرمیاں واضح کرتی ہیں کہ وہ کس کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔ائی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ یہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں کسی ایک کارروائی میں مارے جانے والے خوارج کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
