سعودی ولی عہد نے مکہ مکرمہ میں’کنگ سلمان گیٹ‘ منصوبے کا اعلان کردیا۔
منصوبہ عوامی نقل و حمل کے نظام سے منسلک ہوگا تا کہ زائرین کیلئے مسجد الحرام تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔
مکہ مکرمہ(انٹرنیشنل ڈیسک) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے’کنگ سلمان گیٹ‘ منصوبے کا اعلان کر دیا۔میڈیا کے مطابق منصوبہ مسجد الحرام کے قریب 12 ملین مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہے، منصوبے کا مقصد مکہ مکرمہ اور مرکزی علاقے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معیاری تبدیلی لانا ہے۔میڈیا کے مطابق منصوبے میں رہائشی، ثقافتی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، منصوبے میں 9 لاکھ نمازیوں کے لیے اندرونی اور بیرونی مصلے اور صحنوں میں گنجائش رکھی گئی ہے۔منصوبہ عوامی نقل و حمل کے نظام سے منسلک ہوگا تاکہ زائرین کے لیے مسجد الحرام تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے تحت اقتصادی تنوع کے اہداف میں حصہ ڈالے گا اور 2036 تک 3 لاکھ سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا۔
