سعودی عرب کی ملک میں غیرملکی افواج کی موجودگی کی تردید۔
سعودی عرب کو اپنے ہمسایہ ملک یمن پر امریکی اور برطانوی فضائی حملوں پر گہری تشویش ہے۔سعودی وزرات خارجہ
ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سعودی عرب نے ملک میں غیر ملکی افواج کی موجودگی کی تردید کردی۔تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طائف ایئربیس پر غیر ملکی فورسز کے حوالے سے افواہیں درست نہیں ہیں۔ میڈیا میں آنے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ یمن میں حوثی باغیوں پر امریکا اور برطانیہ کے حملوں سے قبل اطلاعات تھیں کہ غیرملکی فورسز کنگ فہد ائیر بیس طائف میں موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب کو اپنے ہمسایہ ملک یمن پر امریکی اور برطانوی فضائی حملوں پر گہری تشویش ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی عرب بحیرہ احمر کے علاقے میں ہونے والی فوجی کارروائیوں اور جمہوریہ یمن کے متعدد مقامات پر فضائی حملوں کا سخت تشویش کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے۔
