سعودی عرب سے 100 پاکستانی نرسیں ڈی پورٹ۔
واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد وزرات اووسیز پاکستانیز نے اعلی سطحی تحقیقات کا فیصلہ کیا۔
جدہ(نمائندہ رحمن بنگش)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سعودی حکومت نےدستاویزات کی تصدیق میں جعلسازی ثابت ہونے پر100 کے قریب پاکستانی نرسوں کو ڈی پورٹ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی نرسوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب سعودی حکومت کو معلوم ہواکہ بھرتیاں کرنے والی نجی فرم نے متعدد نرسوں کیلئے ایک ہی تصدیقی رپورٹ جمع کروا دی۔اہل ہونے کے باوجود نرسیں ایک اسکینڈل کا شکار ہوئیں جس میں ان کی اسناد کی جعلی آن لائن تصدیق شامل تھی۔ سعودی حکام نے نرسوں کے دستاویزات کی آن لائن اسکریننگ کی جس دوران جعلسازی کا پردہ فاش ہوا تو انہیں واپس وطن بھیج دیا گیا ۔واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد وزارت اوورسیز پاکستانیز نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد مقامی حکام نے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ریکروٹر کا لائسنس معطل کر دیا اور اسے بلیک لسٹ بھی کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھرتی کرنے والے نے متعدد نرسوں کے لیے ایک ہی تصدیقی رپورٹ جمع کروا کر 350 نرسوں کے لیے ملازمتیں حاصل کیں۔ پکڑے جانے کے بعد ان میں سے 92 کو ایک سال تک وہاں کام کرنے کے بعد سعودی عرب سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔
