سعودیہ سے معاہدےکے ثمرات سے پاکستان معاشی طور بھی مستحکم ہوگا۔خواجہ آصف
سعودی ولی عہد نے مجھے یاد کرایا تھا کہ ان 71 میں سعودیہ نے 2 گن بوٹس کراچی بھجوائی تھیں۔وزیر دفاع
اسلام آباد(نمائندہ نازش جبین) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ معاہدے کے بعد سعودی عرب میں ہماری افواج کی تعداد میں اضافہ ہوگا، اس معاہدے کے ثمرات سے پاکستان معاشی طور بھی مستحکم ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا معاہدہ تاریخ ساز ہے، یہ معاہدہ معرکہ حق کی فتح کی مرہون منت ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 75 سال میں ہم نے پہلے بھی دفاعی معاہدے کیے لیکن مشکل وقت آیا تو معاہدے کرنے والوں نے مدد نہیں کی۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ معاہدے کے بعد سعودی عرب میں ہماری افواج کی تعداد میں اضافہ ہوگا، دیگر ممالک کے ساتھ بھی دفاعی معاہدے ممکن ہیں، جو ہمارے خیر خواہ نہیں وہ اس معاہدے سے ناخوش ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہدنےمجھے یادکرایا تھا کہ سن 71 میں سعودیہ نے 2 گن بوٹس کراچی بھجوائی تھیں۔