BBC Urdu TV

ساوتھ کوریا کپ میں تاریخی کامیابی کے بعد پاکستان سافٹ ٹینس ٹیم کا کراچی ائیرپورٹ پر شاندار

ساوتھ کوریا کپ میں تاریخی کامیابی کے بعد پاکستان سافٹ ٹینس ٹیم کا کراچی ائیرپورٹ پر شاندار استقبال، ارائیں ٹینس اسٹار کپتان حمزہ احمد سعید آرائیں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور

کراچی : (بیوروچیف: عاصم آرائیں جہلمی)
ساوتھ کوریا کپ انٹرنیشنل سافٹ ٹینس چیمپئن شپ 2026 میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چھ برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان سافٹ ٹینس ٹیم کا بدھ کی صبح کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ارائیں ٹینس اسٹار اور قومی ٹیم کے کپتان حمزہ احمد سعید آرائیں کی قیادت میں پاکستان نے پہلی مرتبہ اس بین الاقوامی ایونٹ میں چھ برانز میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کی، جس پر کھلاڑیوں کا والہانہ خیرمقدم کیا گیا۔ استقبال کے موقع پر ٹیم کے ارکان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، گل دستے پیش کیے گئے اور شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور قومی ٹیم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر پاکستان آبادگار بزنس کلب کے روحِ رواں جاوید آرائیں اپنے ساتھی عہدیداران کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ ارائیں پولیٹیکل الائنس کے بانی و چیئرمین سعید احمد آرائیں، صدر پرویز ڈسٹرکٹ سینٹر اور دیگر عہدیداران نے بھی استقبال میں خصوصی شرکت کی۔ مختلف سماجی، سیاسی، کاروباری اور ارائیں برادری کی ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد نے قومی ٹیم اور کپتان حمزہ احمد سعید آرائیں کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انجمن آرائیاں سندھ پاکستان کی جانب سے سوشل سیکرٹری رضوان شاہد آرائیں، شبیر آرائیں، اسلم کنول آرائیں اور یونس آرائیں نے بھی قومی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے کپتان حمزہ احمد سعید آرائیں کو پھولوں کے ہار پہنائے، گل دستے پیش کیے اور شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری ارائیں برادری کو اپنے اس باصلاحیت سپوت پر فخر ہے، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔
شرکاء نے کہا کہ پاکستان سافٹ ٹینس ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت، لگن اور بہترین کھیل سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کپتان حمزہ احمد سعید آرائیں اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی جائے تاکہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے مزید عالمی اعزازات حاصل کر سکیں۔
استقبال کی تقریب کے اختتام پر قومی ٹیم کی مزید کامیابیوں اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی اور سرپرستی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

Exit mobile version