راولپنڈی : چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے احکامات پر ڈیوٹی آفیسر ٹریفک ہیڈ کواٹر نے ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں4مارچ تا8مارچ 2022کو پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والے کرکٹ میچزاور شائقین کرکٹ کےلئے پارکنگ سہولیات کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔دوران میچز اور موومنٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے اور شہریوں کی سہولت کےلئے اضافی نفری لگائی گئی۔شہریوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے متبادل روٹس اور پارکنگ کے حوالے سے شاہراہوں پر آگاہی بینر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ آفیشل پیجز اور ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال کی لمحہ با لمحہ آگاہی بھی فراہم کی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطا بق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشادکے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر محمد وسیم نے 4مارچ تا8مارچ 2022ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پاکستان اورآسٹریلیا کے مابین ہونے والے کرکٹ میچز کے دوران شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے ، پارکنگ اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کےلئے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشادکے مطابق کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے350سے زائد اہلکارسپیشل ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں07ڈی ایس پیز،21انسپکٹر،235ٹریفک وارڈنز اور87ٹریفک اسسٹنٹ شامل ہیں جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھنے کےلئے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے ۔شائقین کرکٹ کی سہولت کےلئے 3جگہوں پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں پہلی کار پارکنگ سول ایویشن گراﺅنڈ نزد راول روڈ دوسری پارکنگ گریجویٹ کالج سیٹلائیٹ ٹاﺅن میں ہو گی جہاں داخلہ کےلئے 5thروڈ کامین داخلی راستہ استعمال کیا جائے گا جبکہ موٹر سائیکلوں کو راول پارک نزد شاہین چوک کے اندر پارک کروایا جائے گااور پارکنگ مکمل ہونے کے بعد اضافی پارکنگ سول ایویشن گراﺅنڈ میں کروائی جائے گی جبکہ اسٹیڈیم تک رسائی کےلئے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔کرکٹ ٹیموں کی روانگی اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گاجبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ 6thروڈ سید پورروڈ سے اسلام آبادداخل ہو سکے گی جبکہ غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔دوران میچ اسٹیڈیم روڈ کو 9thایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف کو عام ٹریفک کےلئے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ اس دوران اسلام آباد9thایونیو سے آنے والی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور IJPروڈ سے پنڈورہ چونگی ، کٹاریاں، کیرج فیکٹری ، پرودھائی موڑ ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ 9thایونیواسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی ۔ اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشاد کا کہنا تھا کہ دوران میچ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کےلئے راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پرمتبادل راستوں اور پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے تا کہ دیگر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ٹریفک سہولیات فراہم کی جا سکیں جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشن 88.6کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال کے متعلق گاہے بگاہے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کی سہولت کےلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ، ٹیموں کی سکیورٹی اور شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل ٹریفک کی روانی ،سکیورٹی اداروں و ٹریفک پولیس سے زیادہ شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے۔
رپورٹ:افتخار خٹک سے
