راولپنڈی : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی عرفان اکرم نے تھانہ سول لائن کے مشہور موبی پلازہ مالک قتل کیس میں نامزد خاتون سمیت 9 ملزمان کو عدم ثبوت کی بناء پر مقدمہ سے بری کردیا ہے عدالت نے ملزمان کی جانب سے بریت کے لئے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ چونکہ استغاثہ ملزمان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا لہذا ملزمان کو بری کیا جاتا ہے تھانہ سول لائن پولیس نے 28 مارچ 2019 کو مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302، 109 اور 34 کے تحت مقدمہ نمبر 272 درج کیا تھا
جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقتول مبین خان گھر واقع گلستان کالونی میں موجود تھا کہ کسی نے گھر کی گھنٹی بجائی باہر جانے پر وہاں موجود افراد سے پشتو میں بحث کے ساتھ ہی فائرنگ کی آواز سنائی دی باہر جاکر دیکھا تو شوہر خون میں لت پت پڑا تھا جو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران جان کی بازی ہار گیا قتل کی وجہ جائیداد کا تنازعہ بتائی گئی تھی بعد ازاں پولیس نے اس مقدمہ میں مسماۃ عزت ناہید کے علاوہ امجد خان، فرحان خان، مقرب خان ، عامر خان، عبدالرحمان، عمران خان، سلیمان خان اور اسفندیار خان پر مشتمل 9 افراد کو گرفتار کیا تھا مذکورہ ملزمان ضمانت پر رہا تھے جنہوں نے عدالت میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265-K کے تحت بریت کی درخواست دائر کی تھی گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے درخواست منظور کر لی اور تمام ملزمان کو عدم ثبوت کی بناء پر مقدمہ سے بری کردیا عدالت نے بری ہونے والے تمام ملزمان کی سکیورٹی سمیت تمام اشیاء بھی واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔
