راولپنڈی : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی خورشید عالم بھٹی نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملکیتی جائیداد میں لال حویلی سمیت 7یونٹس پرسابق وفاقی وزیرو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمداور ان کے بھائی کوبے دخلی کے نوٹس جاری کرنے کے خلاف درخواست پر ڈائریکٹر متروکہ وقف املاک کو نوٹس جاری کر تے ہوئے آج (بروزمنگل) مکمل ریکارڈ سمیت عدالت طلب کر لیا ہے عدالت نے متروکہ وقف املاک کوحکم دیا ہے کہ درخواست گزار کے خلاف مزیدکوئی کاروائی نہ کی جائے شیخ رشید نے اپنے وکیل سردار عبدالرازق کے ذریعے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ لال حویلی کئی دہائیوں سے ان کی ملکیت ہے جبکہ ان کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائی کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجاز عدالت میں پہلے ہی مقدمہ زیر سماعت ہے اور اس کی آئندہ تاریخ 24 اکتوبر مقرر ہے اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیایاد رہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر متروکہ وقف املاک کی جانب سے شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق کو13اکتوبر کو جاری بے دخلی کے نوٹس نمبر ETP/RWP/(735/)میں کہا گیا تھاکہ آپ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا جس کی آپ نے خود تعمیل بھی کی لیکن آپ حاضر نہیں ہوئے نہ ہی بقایا جات ادا کئے جس وجہ سے آپ بے دخل ہو گئے ہیں آپ متروکہ وقف ایکٹ1975کی شق 25 کے تحت نوٹس وصولی کے 7دن کے اندرآپ جائیداد نمبرD-158موسومہ مندر واقع بوہڑ بازارکو خالی کر دیں اگر آپ نے از خود یہ جائیداد خالی نہ کی تو ادارہ For The Managemrnt And Disposal Of Evacuee Trust Properties Act 1975کی سیکشن 25کی سب سیکشن XIIIکے تحت پولیس کے ذریعے یہ جائیداد خالی کرائے گااسی طرح ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے14اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ مختلف لوگ ضلع راولپنڈی میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی املاک اور اراضی پر غیر قانونی قابض ہیں لہٰذا متعلقہ پولیس کو ہدائیت کی جائے کہ یہ املاک خالی کرانے کے لئے 19اکتوبر کو پولیس نفری فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
رپورٹ راولپنڈی : افتخار خٹک سے
