
راولپنڈی (افتخار خٹک) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات برائے سال 2025-26 میں سردار منظر بشیر 1109 ووٹ لے کر آئندہ سال کے لئے صدر اور ملک اسد محمود 1048 ووٹ لے کر سیکریٹری منتخب ہوگئے جبکہ جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر رانا حاشر حسین نے 2176 ووٹ کے ساتھ میدان مار لیا سیکریٹری فنانس، نائب صدر، اور لائبریری سیکریٹری کی 1/1 نشست کے علاوہ مجلس عاملہ کی 9 نشستوں پر پہلے ہی تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں گزشتہ روز 3 نشستوں کے انتخاب کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام ساڑھے 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی انتخابی عمل کی نگرانی سینئر وکیل ملک صدیق اعوان کی سربراہی میں قائم 9 رکنی الیکشن بورڈ نے کی مجموعی طور پر 5405 مرد و خواتین ووٹروں میں سے 2905 ووٹروں نے حق رائے دہی استعمال کیا الیکشن بورڈ کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر سردار منظر بشیر 1109 ووٹ لے کر پہلے، طارق محمود ساجد اعوان 945 ووٹ لے کر دوسرے اور شاہد محمود مغل 835 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے سیکریٹری کی نشست پر اسد محمود ملک 1048 ووٹ لے کر پہلے، قمر الحق خان نیازی 934 ووٹ لے کر دوسرے اور جنید احمد نواز راجہ 818 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے اسی طرح جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر ون ٹو ون مقابلے کے بعد رانا حاشر حسین 2176 ووٹ لے کر پہلے اور چوہدری عامر شہزاد حسین 655 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے دیگر نشستوں کے مطابق نائب صدر کی نشست پر خاتون امیدوار نائلہ فیصل ملک، فنانس سیکریٹری کی نشست پر مہر عامر شہزاد اور لائبریری سیکریٹری کی نشست پر چوہدری کاشف متین پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے اسی طرح مجلس عاملہ کی 9 نشستوں پر آمنہ جاوید، ماریہ نیلوفر بیگ، محمد جہانگیر، ثمینہ اقبال، وقاص منشاء، محمد حیدر علی ہاشمی، ثمرہ حسین، سہیل اختر اور چوہدری عبد الحفیظ بھی بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے انتخابات کے تمام امور کی نگرانی سینئر وکیل ملک صدیق اعوان کی سربراہی میں قائم 9 رکنی الیکشن بورڈ کرے گا بورڈ کے دیگر اراکین میں ملک رضوان اختر، شازیہ عمران، راجہ شفقت حسین، احسن مقصود قریشی، راجہ فہیم حیدر، راحیلہ بٹ، آصف خان جدون اور عمیر قدیر ملک شامل تھے الیکشن نتائج کا اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی دریں اثنا کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے انتخابی نتائج کے مطابق عامر حسین بھٹی 37 ووٹ لے کر آئندہ سال کے لئے بار کے صدر، راجہ محمد اسرار 40 ووٹ لے کر نائب صدر، سمیر حسین راجہ 37 ووٹ لے کر سیکریٹری اور نعمان عابد 38 ووٹ لے کر جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوگئے جبکہ کہوٹہ بار ایسوسی ایشن کے انتخابی نتائج کے مطابق زاہد اختر ستی آئندہ سال کے لئے صدر، حافظ غلام ربانی نائب صدر، خالد ظہر راجہ جنرل سیکرٹری اور خرم شہزاد جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوگئے
