BBC Urdu TV

راولپنڈی (افتخار خٹک) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ

راولپنڈی (افتخار خٹک) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 500 سے زائد ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیراؤ جلاؤ اور پولیس افسران و اہلکاروں پر حملوں کے 12 الگ الگ مقدمات کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر آئندہ تاریخوں تک ملتوی کردی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزمان میں مقدمہ کی نقول تقسیم ہونا تھیں اور ملزمان پر فرد جرم عائد ہونا تھی اس موقع پر ملزمان کی حاضری لگانے کے بعد جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 19 اکتوبر جبکہ دیگر مقدمات کی سماعت 4 نومبر تک ملتوی کردی ہے ان مقدمات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، شیریں مزاری، زرتاج گل، اعظم سواتی، صداقت عباسی، عارف عباسی، کرنل (ر) شبیر اعوان، میجر (ر) لطاسب ستی، چوہدری جاوید کوثر سمیت سابق وفاقی و صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سمیت 500 سے زائد ملزمان کو شامل کیا گیا ہے تاہم ان مقدمات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، زرتاج گل اور اعظم سواتی سمیت دیگر سابق وزرا ضمانت پر ہیں یادرہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد راولپنڈی پولیس نے تھانہ آر اے بازار میں مقدمہ نمبر 708، تھانہ سٹی میں مقدمہ نمبر 563،تھانہ کینٹ میں مقدمہ نمبر 836، تھانہ ریس کورس میں 759، تھانہ نیو ٹاؤن میں مقدمہ نمبر 2106، تھانہ صادق آباد میں مقدمہ نمبر 2076، تھانہ سول لائن میں مقدمہ نمبر 981، تھانہ وارث خان میں مقدمہ نمبر 914، تھانہ مورگاہ میں مقدمہ نمبر 397، تھانہ صدر واہ میں مقدمہ نمبر 744 اور تھانہ ٹیکسلا میں مقدمہ نمبر 940 درج کیا تھا ان مقدمات میں سابق چیئرمین کو 8 جنوری کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا واضح رہے کہ ان مقدمات میں عدالت پہلے ہی سابق چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نام خارج کرنے کا حکم دے چکی ہے۔

Exit mobile version