راولپنڈی (افتخار خٹک)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا
جس میں ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران کے علاوہ وکلا ء اور شہر بھر کے معروف نعت خوانوں نے شرکت کی۔محفل کا باقاعدہ آغاز کرنے سے پہلے بار کے سیکرٹری جنرل اسد محمود ملک اور صدر بار سردار منظر بشیر نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعث سعادت ہے کہ ہم بار کی روایات کے مطابق اپنے سال کا آغاز میلاد شریف کا انعقاد کر کے کر رہے ہیں جو کہ ہمارے لیے خوش نصیبی کا باعث بنے گی اتنی بڑی تعداد میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء کو دیکھ کر دل بہت خوش ہو رہا ہے ایسی محفلوں میں شرکت کر کے روحانی سکون ملتا ہے۔محفل میلاد میں سابق صدر بار جی ایم شاہ،سید علی عباس بخاری،راجہ مدثر،سجاد،خاور ریاض قادری،شاہد شاہ،حافظ شاہد،ملک محمد سلمان،ممبر پنجاب بار کونسل بشارت اللہ خان ایڈووکیٹ،معروف نعت خوان بابر ندیم،محسن قریشی،سید اظہر حسین گیلانی اور دیگر نے آقا سرور کائنات کی بارگاہ میں نعت خوانی کر کے نظرانہ عقیدت پیش کیا۔ان کے علاوہ ہائی کورٹ بار کے صدر ملک جواد خالد اور جنرل سیکرٹری شبیر احمد مرزا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔محفل میلاد درود و سلام اور تکبیر کے نعروں سے گونجتی رہی نعت خوانی کے بعد بار کے سینیئر ممبر ضیافت چیمہ نے قصیدہ بردہ شریف حضور کی بارگاہ عالیہ میں پیش کیا۔محفل میلاد کے اختتام پر صدر بار سردار منظر بشیر اور جنرل سیکرٹری اسد محمود ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ہمارے وطن عزیز پاکستان کو تمام آفات سے دور رکھے اور ہمارا ملک دن دگنی رات چگنی ترقی کرے۔
