BBC Urdu TV

راوالپنڈی : ربیع الاول شریف کا ماہِ مبارک آتے ہی مسلمانانِ عالم حضور نبی کریم ﷺ کی ارفع

راوالپنڈی : ربیع الاول شریف کا ماہِ مبارک آتے ہی مسلمانانِ عالم حضور نبی کریم ﷺ کی ارفع و اعلیٰ میلادِ پاک کے سلسلہ میں محافلِ میلاد پاک و نعت پاک، جلوس، ریلیوں، چراغاں اور کانفرنس کا انعقاد کرتے ہیں۔

آنے والے عظیم ترین یومِ مبارک 12ربیع الاول شریف کے روز تمام مذہبی تقریبات کے بطریقِ احسن اور پر امن انعقاد کے لئے آستانہ عالیہ عید گاہ شریف میں سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ کے تمام شعبہ جات کے افسران و ذمہ داران، پارلیمانی سیکرٹری و ایم این اے شیخ راشد شفیق، صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ،ڈ پٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی، اے ڈی سی کیپٹن ریٹائرڈ قاسم اعجاز، راولپنڈی و گرد و نواح کی تمام میلاد کمیٹیوں کے سربراہان، انجمنِ تاجران کے نمائندگان اور تمام مسالک کے علمائے کرام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد نقیب الرحمن و تمام میلاد کمیٹیوں کے سربراہان نے ملکی سطح پر رحمت ا لعا لمین ﷺ کانفرنس کے انعقاد کے حکومتی اقدام کو نہایت احسن اقدام قرار دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری و ایم این اے شیخ راشد شفیق نے کہا کہ آج جس طرح تمام مسالک کے علمائے کرام، میلاد کمیٹیوں کے سربراہان و ممبران، انجمنِ تاجران و دیگر نے جس طرح متحد و متفق ہو کر اخوت و راوداری و بھائی چارے کا پیغام دیا ہے میلاد النبی ﷺ کے عظیم ترین یومِ مبارک پر عوام الناس بھی اسی طرح اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں تا کہ دینِ متین اسلام کی حقیقی و صحیح تصویر کے ذریعے دنیا کو امن و سلامتی کا پیغام جائے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ربیع الاول شریف کی طرح تمام مذہبی ودینی تہواروں پر تمام مسالک کو متحد کرنے اور مکمل امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے پیر محمد نقیب الرحمن و پیر محمد حسان حسیب الرحمن کی کاوشیں اور خدمات مذہبی رواداری کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے تمام جلوسوں اور ریلیوں کی سیکورٹی و حفاظت کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ہر قسم کی ممکنہ سہولیات، طبی امداد، سیکورٹی اور عوام الناس کی آمد و رفت کے لئے ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے متبادل راستوں کا تعین کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی کیپٹن (ر) قاسم اعجاز نے کہا کہ خلقِ مصطفوی ﷺ کے اتباع کی عملی تصویر عید گاہ شریف میں نظر آتی ہے جہاں تمام مسالک، تمام شعبہ جات زندگی کی شخصیات، عوام الناس غرض کہ ہر کسی کے ساتھ نہایت محبت و احترام کا سلوک کیا جاتا ہے اور سب سے بڑھ کر محسنِ اعظمِ انسانیت ﷺ کے دامانِ رحمت سے مضبوطی سے منسلک رہنے کی تعلیم دی جاتی ہے اور تمام مذہبی مواقع پر آپس میں اتحاد و اتفاق کی تربیت کی جاتی ہے۔ اجلاس سے میلاد کمیٹیوں کے سربراہان و نمائندگان، علمائے کرام نے بھی خطاب کیا اور اپنی نہایت مفید تجاویز ومشوروں سے میلاد النبی ﷺ کی تمام تر تقریبات کو موٗدبانہ اور عقیدت مندانہ طور پر منعقد کرنے کی جانب رہنمائی کی۔اجلاس کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے تمام حاضرین و شخصیات کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرتے ہوئے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین ا ور پوری دنیا سے مہلک کرونا وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ:افتخار خٹک راولپنڈی

Exit mobile version