دینی پروگرام اصلاح معاشرہ میں تعمیری کردار ادا کرتے ہیں۔حافظ عبدالحمید عامر
شافع محشر کی اداؤں پر مر مٹنے والا شخص روز قیامت شفاعت کا سب سے بڑھ کر حق دار ہو گا۔ پروفیسر ابوبکر صدیق
جہلم : دینی پروگرام اصلاح معاشرہ میں تعمیری کردار ادا کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے جامع مسجد ابوبکر صدیق ڈھوک جمعہ میں منعقدہ شافع محشر کانفرنس میں صدارتی کلمات کہتے ہوئے کیا،انہوں نے مزید کہا کہ دینی حوالے سے تربیت اور شرعی احکام سیکھنے سکھانے سے متعلق مساجد میں منعقد ہونے والے پروگرام بڑی اہمیت کے حامل ہیں،جن میں شریک ہو کر مسلمان اپنے ایمان کو تازگی بخشتے ہیں، لہٰذا لوگوں کو اس میں بھرپور شرکت کرنی چاہئے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ابوبکر صدیق نے کہا کہ شافع محشر کی اداؤں پر مر مٹنے والا شخص روز قیامت شفاعت کا سب سے بڑھ کر حق دار ہو گا، صرف باتوں اور محض نعرہ بازی سے محبت و اتباع کا صحیح تقاضا پورا نہیں ہوتا، میدان محشر میں جو شخص اتباع رسول میں اول ہوگا، وہی شفاعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی سبقت لے جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ آج کا نوجوان اگر دنیا میں بھی کامیابی کی راہ تلاش کر رہا ہے تو وہ مدینے والے کی شاہراہ کا راہی بن جائے، دوسری پگڈنڈیوں پر دھکے نہ کھائے، اللہ تعالیٰ نے پیغمبر اسلام کے اتباع میں دنیا و آخرت دونوں کی بھلائیاں رکھ دی ہیں۔ مولانا الیاس مدنی آف ساہیوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم خود اور اپنے بچوں کے دلوں میں دین کی محبت بٹھانا چاہتے ہیں تو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطالعہ کو ہمیں اپنا اوڑھنا بچھونا بنانا ہوگا، تب ہماری آنے والی نسل اپنے درست آئیڈیل تلاش کرپائے گی۔سوچنے والی بات ہے کہ جو شخصیت اور ہستی ہماری رہبر و رہنما ہے تو ہم ان کے لیل و نہار سے کس قدر واقف ہیں، ان کے جاں نثاروں کو ہم کس قدر جانتے ہیں؟ حالانکہ تاریخ اسلام میں یہ دور ہمارا عہد زریں اور قابل فخر دور تھا، یہی ہماری کھوئی ہوئی میراث ہے جسے معاشرے میں دوبارہ سے زندہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پروگرام میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع جہلم کے ناظم تبلیغ مولانا قطب شاہ اور دیگر مقامی علمائے کرام نے شرکت کی، اہل محلہ اور شہر کے دیگر مقامات سے ایک کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی اور اس کے اصلاحی و تربیتی انداز کو سراہا اور آئندہ بھی ایسے پروگرام ترتیب دیے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
