خصوصی افراد کو ہمارے معاشرتی روّیے معذور کردیتے ہیں:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
معذور افراد خداداد صلاحیتوں کے حامل،انہیں تنہا اور تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے:گفتگو
پاکستان میں سپیشل پرسنز کو وہ حقوق نہیں دئیے جارہے جن کی انہیں ضرورت ہے:چیئرمین
آج کے دن ہر ایک فرد نے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم خصوصی افراد کا سہارا بنیں گے:اظہار خیال
معذوری صرف جسمانی کمی کا نام نہیں،نارمل انسان بھی سواری کے بغیر منزل پر نہیں پہنچ سکتا
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی کا3دسمبر عالمی یوم معذوراں پر خصوصی پیغام
( ) چیئر مین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے 3 دسمبر عالمی یوم معذور پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ معذور افراد خداداد صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں انہیں تنہا اور تضحیک کا نشانہ نہ بنایا جائے،معذور افراد کی صلاحیتوں پر اعتماد کیا جائے اور بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ افراد بھی معاشرے کا ایک فعال حصہ بن سکتے ہیں،ایک اندازے کے مطابق دنیا کی کل آبادی میں سے 15 فیصد خصوصی افراد پر مشتمل ہے جن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،آج کے دن ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم ان سپیشل افراد کا سہارا بنیں گے تاکہ یہ لوگ معاشرے کے کارآمد شہری بن کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ معذوری صرف جسمانی کمی کا نام نہیں،نارمل انسان بھی سواری کے بغیر منزل پر نہیں پہنچ سکتا،خصوصی افراد نارمل زندگی گزارنے کے لیے مخصوص سواری یا ویل چیئر وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں،معاشرے کو چاہیے کے ان کو عام نارمل افراد کی طرح عزت اور مقام دے تاکہ وہ عزت و احترام کے ساتھ اپنے شب و روز بسر کرسکیں۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ خصوصی افراد کو ہمارے معاشرتی روّیے معذور کردیتے ہیں، معذوری کی حالت میں اگر گھر کا ماحول اچھا مل جائے تو انسان معذوری سے مقابلہ کرلیتا ہے اگر ماحول اس کے برعکس ہو تو پھر نا صرف زندگی گزارنا مشکل ہو جاتا ہے بلکہ جسمانی معذوری کے ساتھ ذہن بھی کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین اور بچیاں اپنی معذوری کی وجہ سے دوہری پسماندگی کا شکار ہیں اور خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہیں جس کی وجہ سے وہ بنیادی انسانی حقوق یعنی صحت، تعلیم، ہنر اور روزگار وغیرہ جیسی سہولیات سے محروم ہیں،معذوری سے جڑی معلومات کی غیر آگاہی کی وجہ سے معذور افراد کو مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے،ملک میں معذور افراد کی ایک بڑی تعداد کے حقوق کے لیے ہر پلیٹ فارم پرترجیح بنیادوں پر فوری اقدامات اور قانون سازی کی ضرورت ہے۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
02-12-2024
