حماس نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے قطر اور مصر کی مجوزہ تجاویز کا جواب دے دیا۔
حماس کے جواب کا جائزہ لے رہے ہیں اسرائیلی حکام سے حماس کے جواب پر جلد تبادلہ خیال ہوگا۔انٹونی بلنکن
غزہ(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق حماس نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے قطر اور مصر کی مجوزہ تجاویز کا جواب دے دیا۔تفصیلات کے مطابق قطری وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے معاہدے کے فریم ورک سے متعلق حماس کا جواب ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔دوحا میں قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ حماس کے جواب کا جائزہ لے رہے ہیں۔اسرائیلی حکام سے حماس کے جواب پر جلد تبادلہ خیال ہوگا، ابھی بہت کام باقی ہے لیکن یقین ہے کہ معاہدہ ممکن ہے۔قطری وزیراعظم نے حماس کے جواب کو امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں معاہدے کے فریم ورک کی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا غزہ لڑائی میں ایسے وقفے کیلئے پرعزم ہے جو پائیدار امن لائے، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے وقفے میں توسیع پر ہر ممکن کام کریں گے۔حماس کا کہنا تھا کہ معاہدے کی تجاویز میں غزہ کے محاصرے اور ہمارے لوگوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے، ریلیف، شیلٹر اور بحالی کے کاموں کو یقینی بنانے جیسے معاملات شامل ہیں.
